آر ایس ایس نے ملک کو فائدہ پہنچانے والا کوئی کام نہیں کیا:کانگریس

   

Ferty9 Clinic

نئی دہلی۔یکم اکتوبر ۔( یو این آئی ) کانگریس پارٹی نے کہا ہے کہ راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) کو 100 سال ہو گئے ہیں، لیکن اس نے اپنے قیام سے لے کر اب تک کوئی ایسا کام نہیں کیا جس سے ملک کو فائدہ پہنچا ہو۔ چہارشنبہ کو یہاں سوشل میڈیا پر ایک بیان میں کانگریس نے آر ایس ایس پر برطانوی مخبر ہونے کا الزام لگایا اور کہا کہ اس تنظیم نے ہندوؤں اور مسلمانوں کے درمیان فرقہ وارانہ تقسیم پیدا کرکے ملک کو کھوکھلا کیا ہے ۔ پارٹی نے کہا کہ آج آر ایس ایس کا صد سالہ سال ہے ، لیکن ان 100 سالوں میں تنظیم نے نقصان پہنچانے کے علاوہ ایک بھی ایسا کام نہیں کیا جس سے ملک کو فائدہ پہنچا ہو۔ پارٹی نے آر ایس ایس کو تقسیم کرنے والی تنظیم قرار دیا اور کہا کہ اس کے قائدین کو تحریک آزادی کے دوران جیل میں نہیں ڈالا گیا اور نہ ہی انگریزوں نے اس پر کبھی پابندی عائد کی تھی۔ کانگریس پارٹی نے یہ الزام لگایا کہ آر ایس ایس نے انگریزوں کی ہندوستان چھوڑو تحریک کو دبانے میں مدد کی ہے ، جو 1942 میں شروع ہوئی تھی، جب پوری قوم کو قید کیا گیا تھا۔ پارٹی نے الزام لگایا کہ تنظیم کے ایک بھی رہنما کو جدوجہد آزادی کے دوران قید نہیں کیا گیا اور وہ مہاتما گاندھی، بھگت سنگھ، اور چندر شیکھر آزاد جیسے محب وطن اور انقلابیوں کو انتشار پسند کہہ کر برطانوی راج کے حق میں کام کرتی رہی۔ پارٹی نے آر ایس ایس پر یہ بھی الزام لگایا کہ اس نے آئین کے مسودے کے لیے آئین ساز اسمبلی میں ایک بھی نمائندہ نہیں بھیجا تھا، اس طرح اس نے آئین کو شروع سے ہی مسترد کردیا۔