پریڈ اور اسلحہ کی ٹریننگ کے خلاف کیرلا ہائی کورٹ میں درخواست
حیدرآباد: 20 جون (سیاست نیوز) کیرلا میں آر ایس ایس کی سرگرمیوں کے لیے مندروں کے استعمال کے خلاف ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی گئی۔ کیرلا ہائی کورٹ میں درخواست گزار نے کہا کہ آر ایس ایس کے ارکان سری سرکارا دیوی مندر میں غیر قانونی طور پر مداخلت کرتے ہوئے اجتماعی پریڈ اور آتشیں اسلحہ کی ٹریننگ دی جارہی ہے۔ مندر کے 2 یاتریوں نے ہائی کورٹ میں درخواست داخل کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ آر ایس ایس کی سرگرمیاں یاتریوں کے لیے تکلیف دہ بن چکی ہیں۔ خاص طور پر مندر کے درشن کے لیے آنے والی خواتین اور بچوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ آر ایس ایس ارکان شام 5 بجے تا رات 12 بجے تک روزانہ اپنی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ مندر کے انتظامی بورڈ کی جانب سے مندر کے گرائونڈ کو استعمال نہ کرنے کے بارے میں جاری کردہ نوٹس کی پروا کئے بغیر سرگرمیاں جاری ہیں۔ درخواست گزاروں نے کہا کہ آر ایس ایس کے ارکان مندر کے میدان میں تمباکو پر مشتمل اشیاء جیسے پان مصالحہ اور ہنس کا استعمال کررہے ہیں جس کے نتیجہ میں مندر کا تقدس پامال ہورہا ہے۔ آر ایس ایس ارکان نے مندر کے پرامن ماحول کو بگاڑنے کا کام کیا اور پریڈ اور ٹریننگ کے دوران بلند آواز سے نعرے لگائے جاتے ہیں۔ مندر انتظامیہ سے بارہا شکایت کے باوجود کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔ درخواست گزاروں نے عدالت سے اپیل کی کہ مندر اتھاریٹی کو پابند کیا جائے کہ احاطہ میں پرامن ماحول برقرار رکھیں تاکہ یاتریوں کو کوئی دشواری نہ ہو۔ر