آر ایس ایس پر پابندی ،کھرگے کی تائید کرتاہوں : سنتوش لاڈ

   

دھارواڑ، 2 نومبر (یو این آئی) کرناٹک کے محنت و روزگار کے وزیر سنتوش لاڈ نے اتوار کو کہا کہ آر ایس ایس پر پابندی لگانے کے کانگریس صدر ملکارجن کھرگے کے بیان کی بنیاد ان کے وسیع سیاسی تجربے اور تنظیم کی گہری سمجھ پر ہے ۔ کانگریس اور سماج وادی پارٹی کی جانب سے آر ایس ایس پر پابندی کے مطالبے پر ردِعمل ظاہر کرتے ہوئے لاڈ نے کہا کہ ہندوستان کے پہلے وزیر داخلہ سردار ولبھ بھائی پٹیل نے بھی آر ایس ایس پر تین بار پابندی عائد کی تھی۔ لاڈ نے یہاں نامہ نگاروں سے گفتگو میں کہا، ”آر ایس ایس ایک غیر رجسٹرڈ تنظیم ہے ، اسی لیے کھرگے نے اپنے طویل سیاسی تجربے اور بصیرت کی بنیاد پر یہ بیان دیا ہے ۔” یہ تبصرہ کانگریس اور سماج وادی پارٹی کے ان رہنماؤں کے بیانات کے درمیان آیا ہے جنہوں نے آر ایس ایس پر ملک گیر سطح پر پابندی عائد کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔ ان کا الزام ہے کہ یہ تنظیم فرقہ وارانہ نظریات پھیلاتی ہے اور سماجی ہم آہنگی کو خطرے میں ڈالتی ہے ۔ غور طلب ہے کہ کانگریس صدر ملکارجن کھرگے نے حال ہی میں کہا تھا کہ آر ایس ایس آئینی ڈھانچے سے باہر کام کرتی ہے اور سیاسی و انتظامی نظاموں پر اثر انداز ہوتی ہے۔ آر ایس ایس نے ایسے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ قوم سازی اور سماجی خدمت کیلئے کام کرتی ہے ۔ اس تنظیم پر پابندی کے مطالبے نے سیاسی بحث کو ایک بار پھر ہوا دے دی ہے ۔ بی جے پی نے الزام لگایا ہے کہ اپوزیشن پارٹیاں اس تنظیم کو بدنام کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔