آر ایس ایس کیخلاف یوتھ کانگریس کا احتجاجی مظاہرہ

   

ممبئی ۔15 اکتوبر ۔ ( یو این آئی ) آر ایس ایس کے کیمپ میں جنسی استحصال کا الزام لگانے کے بعد کیرالا کے نوجوان آئی ٹی انجینئر آنندو اجی کی خودکشی کے واقعے نے سیاسی ہلچل پیدا کر دی ہے ۔ اس واقعے کے خلاف مہاراشٹر پردیش یوتھ کانگریس اور ممبئی یوتھ کانگریس نے آج دادر کے تلک بھون میں زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا۔ اس دوران کارکنوں نے آر ایس ایس اور بی جے پی کی حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور واقعے میں ملوث افراد کے خلاف فوری کارروائی کا مطالبہ کیا۔ یوتھ کانگریس کے ریاستی صدر شیو راج مورے اور ممبئی یوتھ کانگریس کی صدر زینت شبیرین کی قیادت میں ہونے والے اس مظاہرے میں بڑی تعداد میں مرد و خواتین کارکنان نے شرکت کی۔ مظاہرے کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے صبح سے ہی تلک بھون کے اطراف سخت حفاظتی انتظامات کر لیے تھے اور پورا علاقہ پولیس چھاؤنی میں تبدیل ہو گیا تھا۔ اس کے باوجود یوتھ کانگریس کے کارکنوں نے پرجوش انداز میں احتجاج کیا۔ تقریباً ایک گھنٹے تک جاری رہنے والے مظاہرے کے دوران پولیس نے متعدد کارکنوں کو حراست میں لے لیا۔