آر ایس ایس کیلئے ڈاک ٹکٹ اور سکہ جاری کرنا تحریک آزادی کی بیحرمتی

,

   

وزیر اعظم مودی پر کانگریس قائد وی ڈی ستیسن اور چیف منسٹر کیرالا وجین کی شدید تنقید

تروننتا پورم ۔2؍اکتوبر( ایجنسیز )وزیر اعظم نریندر مودی نے آر ایس ایس کے 100 سال مکمل ہونے پر خصوصی ڈاک ٹکٹ اور 100 روپے کا سکہ جاری کیا جس کے خلاف آواز اٹھنے لگی ہے۔ اس عمل کیلئے اپوزیشن پارٹیاں وزیر اعظم مودی کو ہدف تنقید بنا رہی ہیں۔ کیرالا اسمبلی میں اپوزیشن قائد اور کانگریس لیڈر وی ڈی ستیسن نے وزیر اعظم مودی کے ذریعہ آر ایس ایس کی تعریف پر تنقید کی۔وی ڈی ستیسن نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ جاری کرکے لکھا ہے کہ وزیر اعظم کے ذریعہ آر ایس ایس کیلئے ڈاک ٹکٹ اور سکہ جاری کرنا ہماری تحریک آزادی کی بے حرمتی ہے۔ساتھ ہی انھوں نے لکھا کہ آر ایس ایس نے کبھی آزادی کی جنگ نہیں لڑی۔ اس نے تو دھوکہ کیا۔ہندوستان کی عوام اس بے حرمتی کو کبھی قبول نہیں کرے گی۔قابل ذکر ہے کہ ستیسن سے قبل کیرالا کے وزیر اعلیٰ پینارائی وجین نے بھی آر ایس ایس کی تعریف اور حوصلہ افزائی کیلئے وزیر اعظم مودی کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔ انھوں نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ آر ایس ایس کے تعاون کا حوالہ دے کر خاص طور سے ڈیزائن کردہ ڈاک ٹکٹ اور 100 روپے کا سکہ جاری کرنا غلط ہے۔ انھوں نے وزیر اعظم مودی کے اس فیصلے کو آئین کی بے حرمتی بتایا اور الزام عائد کیا کہ آر ایس ایس تخریبی نظریات کو فروغ دیتا ہے اور تحریک آزادی کے وقت بھی انھوں نے کسی بھی جنگ میں حصہ نہیں لیا۔اپنی ایک تقریر کے دوران وزیر اعلیٰ وجین نے آر ایس ایس اور اسرائیل کے یہودیوں کے درمیان موازنہ بھی کیا۔ انھوں نے آر ایس ایس کو یہودیوں کا جڑواں بھائی بتایا اور ٹرمپ کے بیانات پر وزیر اعظم کی خاموشی پر سوالیہ نشان لگایا۔انھوں نے کہا کہ ٹرمپ انتظامیہ نے ہندوستانی شہریوں کو ہتھکڑی لگا کر وطن واپس بھیجا، ویزا فیس بڑھائی گئی اور ہندوستان پر ٹیرف بھی بڑھایا لیکن مودی نے ٹرمپ کیخلاف کبھی کوئی رد عمل ظاہر نہیں کیا۔