تلنگانہ بھر میں تقریبا 25 ہزار خاندانوں کو امداد فراہم کرنے کا دعوی
حیدرآباد۔9 اپریل (سیاست نیوز) راشٹریہ سویم سیوک سنگھ کارکنوں نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے لاک ڈاؤن کی وجہ سے جن کا معاش متاثر ہوا ہے ایسے لوگوں میں اشیائے ضروریہ کی کٹ تقسیم کی ہیں ۔ ایک بیان میں تنظیم کے انچارج کنچم رمیش نے کہا کہ وہ لاک ڈاؤن کے پہلے ہی دن سے غریب خاندانوں میں ضروری اشیاء تقسیم کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم مختلف تنظیموں کے ساتھ کام کر رہے ہیں ، جن میں سیوا بھارتی جیسی تنظیم قابل ذکر ہے جوکہ غریب عوام کی دہلیز پر کٹس کے طور پر ضروری اشیا تقسیم کرکے غریب لوگوں کو کھانا کھلارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اب تک لگ بھگ 2,700 سویم سیوکوں نے تلنگانہ میں 369 مقامات پر تقریبا 25 ہزار خاندانوںکو ضروری اشیاء کی کٹس تقسیم کیں۔ آر ایس ایس کارکن کورونا پھیلاؤ کو روکنے احتیاطی تدابیر سے عوام میں آگاہی پیدا کر رہے ہیں۔علاوہ ازیں آر ایس ایس کے کارکن عوام میں سماجی دوری کو برقرار رکھنے شعور بیدار کرنے مصروف ہیں نیز ہاتھوں کی صفائی کے علاوہ پولیس و صفائی عملہ سے بھی تعاون کررہے ہیں۔واضح رہے کہ گوشہ محل رکن اسمبلی راجا سنگھ بھی علاقہ میں غربا کے کھانے کا انتظام کر رہے ہیں اور چند دن قبل انہوں نے ایک مسجد کا دورہ کرکے بھی غذا فراہم کی تھی ۔