آر ایس ایس کے تین روزہ کیمپ کا آج سے آغاز

   

موہن بھاگوت کل جلسہ عام سے خطاب کریں گے
حیدرآباد ۔23ڈسمبر ( سیاست نیوز) راشٹریہ سوائم سیوک سنگھ ( آر ایس ایس ) کے سربراہ موہن بھاگوت منگل سے یہاں شروع ہونے والے آر ایس ایس کے تین روزہ وجئے سنکلپ تہوار شیور کیمپ ) کے حصہ کے طور پر 25ڈسمبر کو ایک جلسہ عام سے خطاب کریں گے ۔ تلنگانہ کے آر ایس ایس کاریہ کرتہ ( کارکن) کیمپ کے تینوں دن بھاگوت یہاں موجود رہیں گے اور کاریہ کرتاؤں ( ورکروں) کی رہنمائی کریں گے ۔ آر ایس ایس کے تلنگانہ یونٹ کے صدر بی دکشنا مورتی اور سکریٹری کے رمیش نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کے دوران ان تفصیلات کا اعلان کیا ۔ سائنس و ٹکنالوجیز کے بانی صدرنشین بی وی آر موہن ریڈی 25 ڈسمبر کو ہونے والے جلسہ عام میں مہمان خصوصی ہوں گے ۔ ان آر ایس ایس قائدین نے مزید کہا کہ تلنگانہ کے تقریباً 10,500 کاریہ کرتہ تین روزہ کیمپ میں حصہ لیں گے ۔ رمیش نے کہا کہ تلنگانہ میں گذشتہ سال کی 2,016 شاکاؤں کے مقابلے اس سال بھاری اضافہ کے ساتھ 3,494 تک پہنچ گئی ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں 1613 ذیلی منڈلوں کے منجملہ 1,000 ذیلی منڈلوں میں آر ایس ایس کی شاکھائیں پھیلی ہوئی ہیں ۔ رمیش کے مطابق آر ایس ایس اب تیزی کے ساتھ تمام دیہاتوں تک اپنے وجود کو وسعت دے رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سوائم سیوکوں کی کثیر تعداد ریاست میں ذات پات کے بھید بھاؤ کے خاتمہ اور ماحولیات کے تحفظ جیسی مختلف سرگرمیوں میں حصہ لے رہے ہیں ۔