نئی دہلی ۔ 24ستمبر ۔( سیاست ڈاٹ کام ) دائیں بازو کی ہندو تنظیم آر ایس ایس اپنے اُصولوں کی طاقتور فورس بناتے ہوئے 2047 ء تک ہندوستانی سماج میں ایسا نام بن جائے گا جسے مٹایا نہیں جاسکے گا ۔ آر ایس ایس پرچارک سنیل امبیڈکر نے اپنی آنے والی کتاب میں اس کا تذکرہ کیا ہے ۔ انھوں نے کہاکہ 2047 ء میں ہماری قوم کی حالت کیا ہوگی ؟ آر ایس ایس کے عہدیداروں کے ساتھ تبادلۂ خیال پر ایک مشترک جواب اخذ کیا جاسکتا ہے کہ سنگھ کو ہندوستانی سماج سے الگ نہیں کیا جاسکے گا ۔ یہ ہندوستانی سماج کے ساتھ اٹوٹ ہوجائیگا ۔ اُن کی کتاب یکم اکتوبر کو آر ایس ایس سربراہ موہن بھاگوت جاری کریں گے ۔ اس میں آر ایس ایس سے متعلق کئی مسائل پر روشنی ڈالی گئی ہے ۔ آر ایس ایس کی ملحق طلبہ تنظیم اے بی وی پی ہے جو ایودھیا میں رام مندر کی تعمیر ، یونیفارم سیول کوڈ اور مختلف مقاصد کیلئے دستوری ترامیم کیلئے خاص طورپر اسٹوڈنٹس میں رائے ہموار کرنے کی کوشش کررہی ہے ۔