آر بی آئی نے 50 روپئے کی نئی نوٹ جاری کرنے کا اعلان کیا

   

موجودہ 50 روپئے کی نوٹ بھی چلن میں رہے گی، آر بی آئی کے گورنر کی وضاحت
حیدرآباد 15 فبروری (سیاست نیوز) ریزرو بینک آف انڈیا نے بتایا کہ آر بی آئی کے گورنر سنجے ملہوترہ کی دستخط سے 50 روپئے کی نئی نوٹ جاری کی جائے گی اور ساتھ ہی موجودہ 50 روپئے کی نوٹوں کے تعلق سے کہا کہ عوام کو پریشان یا الجھن کا شکار ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔ یہ نوٹس بھی چلن میں رہیں گی۔ شکتی کانت داس کی جگہ پر ملہوترا نے ڈسمبر 2024ء میں آر بی آئی گورنر کی نئی ذمہ داری قبول کی ہے جس کے بعد 50 روپئے کی نئی نوٹ متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیا ۔ ان نوٹوں کا ڈیزائن مہاتما گاندھی سیریز کے 50 روپئے کے نوٹوں کے مماثل رہے گا۔ ریزرو بینک نے اس کی وضاحت کی ۔ آر بی آئی کی جانب سے جاری کردہ اعلان کے بعد عوام میں الجھن پائی جارہی ہے کہ پھر 50 روپئے کی پرانی نوٹوں کا کیا ہوگا۔ کیا اس کو برخواست تو نہیں کیا جائے گا ؟ اس پر بحث شروع ہوگئی ہے۔ اس پر بھی آر بی آئی نے کہا کہ عوام کو شکوک و شبہات میں مبتلا ہونے کی ضرورت نہیں ہے پہلے جاری کئے گئے 50 روپئے کے نوٹ قانونی طور پر چلن میں رہیں گے۔ نئے 50 روپئے کی نوٹ جاری کرنے سے موجودہ چلن میں رہنے والی نوٹوں کو کوئی نقصان نہیں ہوگا اور نہ ہی ان نوٹوں سے دستبرداری اختیار کی جارہی ہے۔2