ممبئی: ریزرو بینک آف انڈیا (آر بی آئی) کو روسی زبان میں ای میل کے ذریعے بم سے اڑانے کی دھمکی ملی ہے ۔ اس کے بعد ممبئی پولیس نے چوکسی بڑھا دی ہے اور تمام سیکورٹی ایجنسیاں ہائی الرٹ پر ہیں۔ عہدیدار نے جمعہ کو یہاں کہا کہ کسی بھی ممکنہ خطرے کو کم کرنے کیلئے آر بی آئی کے دفاتر اور اس کے آس پاس کے علاقوں میں سیکورٹی کو بڑھا دیا گیا ہے۔روسی زبان میں لکھا گیا یہ ای میل جمعرات کی سہ پہر آر بی آئی کی سرکاری ویب سائٹ پر بھیجا گیا تھا۔ ایک ماہ سے بھی کم عرصے میں اس طرح کا یہ دوسرا واقعہ ہے ۔ اس سے پہلے 16 نومبر کو آر بی آئی کے کسٹمر کیئر نمبر کے ذریعے بم کی دھمکی دی گئی تھی۔ اس معاملے میں کال کرنے والے نے دعویٰ کیا کہ وہ لشکر طیبہ کا چیف ایگزیکٹیو آفیسر سی ای او ہے۔