آر جے ڈی لیڈر تیجسوی یادو کا ووٹر فوٹو کارڈ جعلی

   

16 اگست تک دیگھا میں جمع کرانے کی ہدایت
نئی دہلی، 8اگست (یو این آئی) انتخابی کمیشن کے افسران کوجانچ میں پتہ چلا ہے کہ بہار اسمبلی میں اپوزیشن کے لیڈر تیجسوی یادو نے 2 اگست کی اپنی پریس کانفرنس میں جو ووٹر فوٹو آئی کارڈ (ای پی آئی سی) دکھایا تھا وہ جعلی ہے اور اسے کمیشن نے جاری نہیں کیا۔یادو کا نام ایک دوسرے کارڈ نمبر کے ساتھ بہار ویٹرنری سائنس یونیورسٹی کی لائبریری بلڈنگ کے پولنگ بوتھ نمبر 204 کی فہرست میں سیریل نمبر 416 پر درج ہے اور ان کا فوٹو آئی کارڈ نمبر بھی الگ ہے ۔بہار کی دیگھا اسمبلی سیٹ (181) کے انتخابی رجسٹریشن افسر و سب ڈویژنل مجسٹریٹ، پٹنہ صدر نے یادو کو خط لکھ کر درخواست کی ہے کہ وہ اپنا نمبر RAB2916120 والا ‘‘جعلی’’ ای پی آئی سی 16 اگست شام پانچ بجے تک انتخابی رجسٹریشن افسر کے دفتر میں جمع کرا دیں۔جانچ سے یہ بھی پتہ چلا ہے کہ را دھے پور اسمبلی حلقے کے رکن تیجسوی یادو کے نام 2015 اور 2020 کے انتخابات کے نامزدگی فارم میں ان کا ای پی آئی سی نمبر RAB0456228 ہی درج کیا گیا تھا۔ ان کی طرف سے اس بار فہرست کی نظرثانی کے دوران جو گنتی فارم جمع کیا گیا، اس میں بھی ان کا ای پی آئی سی نمبر RAB0456228 ہی درج ہے ۔قابل ذکر ہے کہ قانون کے مطابق کوئی بھی اہل شہری ملک میں ایک وقت میں صرف ایک ہی حلقے میں بطور ووٹر رجسٹرڈ ہو سکتا ہے ۔