پٹنہ : راشٹریہ جنتادل نے آج اپنے 22 لوک سبھا امیدواروں کی فہرست جاری کردی ہے ۔ پارٹی نے لالو پرساد یادو کی دو دختران کو امیدوار بنایا ہے ۔ روہنی اچاریہ سارن حلقہ سے اور میسا بھارتی پاٹلی پتر حلقہ سے مقابلہ کریں گی ۔ روہنی اچاریہ نے گذشتہ ہفتے ہی اپنی انتخابی مہم کا آغاز کردیا تھا جب کہ ان کی امیدواری کا باضابطہ طور پر آر جے ڈی سے اعلان نہیں کیا گیا تھا ۔ روہنی اچاریہ کا مقابلہ بی جے پی کے موجودہ رکن پارلیمنٹ راجیو پرتاپ روڈی سے ہوگا ۔ پاٹلی پتر حلقہ سے میسا بھارتی مقابلہ کرییں گی ۔ یہاںسے رام کرپال یادو امیدوار ہیں جو کبھی لالو پرساد یادو کے رفیق ہوا کرتے تھے ۔ انہوں نے 2014 میں آر جے ڈی کو خیرباد کہتے ہوئے بی جے پی میں شمولیت اختیار کرلی تھی ۔ آر جے ڈی نے گینگسٹر سے سیاستدان بننے والے وجئے کمار شکلا عرف منا شکلا کو ویشالی حلقہ سے امیدوار بنایا ہے ۔ منا شکلا حال ہی میں اپنے متنازعہ ریمارکس کی وجہ سے سرخیوں میں آگئے تھے ۔ بعد میں انہوں نے معذرت خواہی کرلی تھی ۔ منا شکلا 2004 اور 2009 میں ویشالی حلقہ سے مقابلہ کرچکے ہیں تاہم وہ کامیاب نہیں ہوپائے تھے ۔ سابق ریاستی وزراء آلوک مہتا اجیارپور سے ‘ سدھاکر سنگھ بکسر سے اور للت یادو دربھنگہ حلقہ سے مقابلہ کرینگے ۔