آر سی بی بھگدڑ معاوضہ میں اضافہ ،25 لاکھ روپے فی خاندان

   

بنگلورو، 7 جون (آئی اے این ایس) کرناٹک کے چیف منسٹر سدارامیا نے 4 جون کو چناسوامی اسٹیڈیم میں پیش آئے افسوسناک بھگدڑ کے واقعے میں جاں بحق ہونے والے 11 افراد کے خاندانوں کے لیے معاوضے کی رقم بڑھا کر 25 لاکھ روپے فی خاندان کرنے کا حکم دیا۔ اس سے قبل حکومت نے 10 لاکھ روپے فی خاندان کا اعلان کیا تھا۔ مرکزی وزیر برائے بھاری صنعتیں ایچ ڈی کماراسوامی، مرکزی مملکتی وزیر شوبھا کرندلاجے، اور کرناٹک بی جے پی قیادت نے جاں بحق افراد کے خاندانوں کو 50 لاکھ روپے معاوضہ دینے کا مطالبہ کیا ہے۔ رائل چیلنجرز بنگلورو (آر سی بی) فرنچائز نے جاں بحق افراد کے لیے 10 لاکھ روپے جبکہ کرناٹک اسٹیٹ کرکٹ اسوسی ایشن (کے ایس سی اے) نے 5 لاکھ روپے معاوضے کا اعلان کیا ہے۔ بی جے پی نے چیف منسٹر سدارامیا اور نائب چیف منسٹر کے شیوکمار سے استعفیٰ دینے کا مطالبہ کیا ہے۔ دوسری جانب، کانگریس کے رہنما وزیر اعلیٰ سدارامیا کا دفاع کرتے ہوئے اس واقعے کا موازنہ پہلگام دہشت گرد حملے اور پریاگ راج بھگدڑ کے واقعات سے کر رہے ہیں۔ یہ واقعہ کانگریس کی زیر قیادت کرناٹک حکومت کے لیے ایک بڑا دھکا ثابت ہوا ہے۔ بی جے پی نے ابتدائی طور پر دیے گئے 10 لاکھ روپے کے معاوضے کو ناکافی قرار دیا۔وزیر برائے اعلیٰ تعلیم ایم سی سدھاکر نے کہا کہ چیف منسٹر سدارامیا چناسوامی اسٹیڈیم کے واقعہ سے سخت رنجیدہ ہیں۔ انہوں نے کہاہم سب بہت افسردہ ہیں۔ یہ واقعہ سدارامیا کے لیے گہرا صدمہ ہے۔ جو جانیں جا چکی ہیں، انہیں واپس نہیں لایا جا سکتا، اور نہ ہی خاندانوں کے درد کا مکمل ازالہ ممکن ہے۔ انہوں نے مزید کہا، میرے حلقے میں دو نوجوانوں کی جان گئی ہے۔