بنگلور، 4 جون (آئی اے این ایس)۔ رائل چیلنجرز بنگلورو (آر سی بی) ٹیم کا ہال ایرپورٹ پر شاندار استقبال کرنے کے بعد، کرناٹک حکومت نے سکیورٹی وجوہات کے پیشِ نظرکھلاڑیوں کی اوپن وہیکل فتح پریڈ منسوخ کر دیا ہے۔ آر سی بی انتظامیہ اورکرناٹک اسٹیٹ کرکٹ اسوسی ایشن نے پہلے ودھان سودھا سے چنا سوامی اسٹیڈیم تک کھلی بس پریڈ کا منصوبہ بنایا تھا، تاہم وزیر داخلہ جی پرمیشورا نے کہا کہ سکیورٹی خطرات کے باعث کھلاڑیوں کو کھلی بس میں سفر کی اجازت نہیں دی گئی۔ کھلاڑیوں کی عزت افزائی کے لیے ودھان سودھا کی عظیم سیڑھیوں پر سرکاری تقریب ہوئی، جس کے بعد ٹیم بس کے ذریعے چنا سوامی اسٹیڈیم روانہ ہوئی، جہاں ریاستی کرکٹ اسوسی ایشن نے ایک تقریب کا انعقاد کیاتھا۔ چیف منسٹر سدارامیا اور نائب چیف منسٹر ڈی کے شیوکمار ٹیم کو مبارکباد دی۔ قبل ازیں بنگلور ٹریفک پولیس نے ایک ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ شام 5 سے 6 بجے تک چنا سوامی اسٹیڈیم میں تقریب کے دوران عوام کو 3 بجے سے 8 بجے تک ودھان سودھا اور اسٹیڈیم کے آس پاس کے راستوں سے گریزکرنے کا مشورہ دیا گیا تھا۔ فتح پریڈ نہیں ہوگی، پولیس نے واضح کیا، اور پارکنگ کی کمی کے پیشِ نظر عوام سے میٹرو یا دیگر عوامی ذرائع آمدورفت استعمال کرنے کی اپیل کی گئی۔ اس سے قبل، نائب وزیر اعلیٰ شیوکمار نے ضلع رام نگرہ کے کنکاپورہ سے بیان دیتے ہوئے کہا: کھلی گاڑی میں کھلاڑیوں کا سفر ممکن نہیں، لہٰذا اس کی اجازت نہیں دی گئی۔ شائقین سے درخواست ہے کہ ایرپورٹ کی طرف نہ آئیں، بلکہ چنا سوامی اسٹیڈیم میں شریک ہوں۔ جوش اچھی بات ہے لیکن احتیاط بھی ضروری ہے۔ آر سی بی ٹیم کی آمد پر شیوکمار نے تمام کھلاڑیوں کو پھولوں کے گلدستے پیش کیے۔ کوہلی کو انہوں نے خصوصی طور پر آر سی بی اور کنڑ جھنڈے پیش کیے، جنہیں وراٹ نے خوشی خوشی وصول کیا اور تصاویر بھی بنوائیں۔ شیوکمار کو اپنی گاڑی سے آر سی بی کا جھنڈا لہراتے بھی دیکھا گیا۔ بنگلور سٹی پولیس کمشنر بی. دیانند نے بھی تصدیق کی کہ ٹیم کو ودھان سودھا کے سامنے خراج تحسین پیش کیا، جس کے بعد اسٹیڈیم میں تقریب تلخ یاد بن گئی ۔