آر سی کنٹیا اور اتم کمار ریڈی کی جوڑی نے کانگریس کا بیڑہ غرق کردیا

   

کے سی آر کی جانب سے کانگریس قائدین کو احمق قرار دینے کی مدافعت ، سروے ستیہ نارائنا
حیدرآباد ۔ 7 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز) : کانگریس سے معطل کردہ قائد سابق مرکزی
وزیر سروے ستیہ نارائنا نے چیف منسٹر کے سی آر کی جانب سے کانگریس قائدین کو احمق قرار دینے کی مدافعت کرتے ہوئے کہا کہ آر سی کنٹیا اور اتم کمار ریڈی کی جوڑی نے کانگریس کا بیڑہ غرق کردیا ہے ۔ وہ اے آئی سی سی رکن ہے ۔ انہیں معطل کرنے کا تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کو کوئی اختیار نہیں ہے ۔ آج یہاں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سروے ستیہ نارائنا نے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر نے سچ کہا ہے ۔ کانگریس کے تمام قائدین احمق ہے ۔ وہ آل انڈیا کانگریس کمیٹی رکن ہے ۔ انہیں سونیا گاندھی یا راہول گاندھی ہی معطل کرسکتے ہیں ۔ مگر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کی تادیبی کمیٹی نے انہیں معطل کرنے کے جو احکامات جاری کئے ہیں اس کا ان پر کوئی اطلاق نہیں ہوگا وہ کانگریس میں ہی موجود رہیں گے ۔ انہیں معطل کرنے کے لیے جاری کردہ احکامات کی کاپی پیش کرنے کا تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کو چیلنج کیا ۔ سروے ستیہ نارائنا نے کہا کہ اسمبلی انتخابات میں شکست کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے عہدوں سے مستعفی ہونے کے بجائے بے شرمی سے عہدوں پر فائز رہنے کا تلنگانہ کے انچارج آر سی کنٹیا اور صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اتم کمار ریڈی پر الزام عائد کیا ۔ سروے ستیہ نارائنا نے کہا کہ اسمبلی انتخابات میں انہیں اور ملو بٹی وکرامارک کو شکست سے دوچار کرنے کی اتم کمار ریڈی نے سازش تیار کی تھی ۔ پارٹی قائدین کو ٹیلی فون کرتے ہوئے اپنے منصوبے پر عمل کرنے کی ہدایت دی تھی ۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کو ڈر تھا کہ وہ اگر کامیاب ہوتے ہیں تو چیف منسٹر عہدے کے دوڑ میں سب سے آگے رہیں گے ۔ اس لیے انہیں شکست دینے کے لیے خصوصی منصوبہ کے تحت کام کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ وہ دلت ہے اس لیے پارٹی نے ان کے خلاف تادیبی کارروائی کی ہے ۔ ماضی میں جی نارائن ریڈی اور کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے تلنگانہ کانگریس کے انچارج ڈگ وجئے سنگھ کی موجودگی میں ایک دوسرے کا گریباں پکڑ چکے تھے ۔ انہیں آج تک پارٹی سے معطل کرنا تو دور نوٹس بھی جاری نہیں کی گئی ۔ اسمبلی انتخابات کا جائزہ کون لیں گے کا سوال کرنے پر میرے خلاف تادیبی کارروائی کی گئی ہے ۔ سروے ستیہ نارائنا نے کولاپور ، کوداڑ ، پالیر ، حضور آباد اسمبلی حلقوں کے ٹکٹ فروخت کرنے کا صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی پر الزام عائد کیا ۔ انہوں نے کہا کہ اتم کمار ریڈی پر مقدمات ہے اس لیے وہ اپنے آپ کو چیف منسٹر کے حوالے کرچکے ہیں ۔ سروے ستیہ نارائنا نے کہا کہ کانگریس کارکن اتم ۔ کنٹیا ہٹاؤ اور کانگریس بچاؤ کے نعرے لگا رہے ہیں ۔ انہوں نے تلنگانہ کانگریس پارٹی میں نئی جان ڈالنے کے لیے اسٹیٹ کمیٹی کو از سر نو تشکیل دینے کا مطالبہ کیا ۔ سابق مرکزی وزیر نے کہا کہ کانگریس کے ارکان اسمبلی پارٹی سے منحرف ہورہے ہیں ۔ کانگریس کے ارکان قانون ساز کونسل کو ٹی آر ایس میں ضم کردیا گیا ہے ۔ کچھ کرنے کے بجائے اتم کمار ریڈی ہاتھ پہ ہاتھ دھرے خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں ۔ 2014 کے عام انتخابات میں پارٹی کی شکست پر اخلاقی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے پنالہ لکشمیا پردیش کانگریس کی صدارت سے مستعفی ہوگئے تھے ۔ یہی ذمہ داری اتم کمار ریڈی کیوں قبول نہیں کی ؟ لوک سبھا انتخابات میں کامیابی کے لیے کے سی آر تیاری کررہے ہیں ۔ کانگریس کے قائدین جائزہ اجلاسوں تک محدود ہیں ان کی معطلی کے خلاف وہ کانگریس ہائی کمان سے ملاقات کریں گے اور ان کے خلاف سازش کرنے والوں کو ضرور سبق سکھائیں گے ۔۔