حیدرآباد۔/29 اپریل ، ( سیاست نیوز) گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے کمشنر کی حیثیت سے آج آئی اے ایس عہدیدار آر وی کرنن نے جائزہ حاصل کرلیا۔ جی ایچ ایم سی کے ہیڈ کوارٹر میں جائزہ حاصل کرنے کے بعد آر وی کرنن نے عہدیداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کیا۔ تلنگانہ حکومت نے آر وی کرنن کو ایلم برتی آئی اے ایس کی جگہ جی ایچ ایم سی کا نیا کمشنر مقرر کیا ہے۔ بی ایلم برتی سے آر وی کرنن نے عہدہ کا جائزہ حاصل کیا۔ اس سے قبل آر وی کرنن ڈائرکٹر ہیلت اینڈ فیملی ویلفیر کی حیثیت سے نمایاں خدمات انجام دے چکے ہیں۔ انہوں نے ہوٹلوں، ریسٹورنٹس، پبس اور آئسکریم پارلرس میں صحت و صفائی کا جائزہ لینے اور معیاری اشیاء کی سربراہی کو یقینی بنانے کیلئے ریاست گیر سطح پر مہم چلائی تھی۔ بڑے پیمانے پر دھاوے کئے گئے اور عوام کو محفوظ غذا کی سربراہی کو یقینی بنایا گیا۔ کمشنر جی ایچ ایم سی کے عہدہ سے سبکدوش ہونے والے ایلم برتی نے حیدرآباد کی ترقی اور بنیادی انفرااسٹرکچر کی فراہمی میں اہم رول ادا کیا۔ حکومت نے انہیں حیدرآباد میٹرو پولیٹن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کے سکریٹری کے طور پر مقرر کیا ہے۔ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے عہدیداروں نے نئے کمشنر کا استقبال کیا اور سبکدوش کمشنر سے ان کی نئی ذمہ داریوں کے سلسلہ میں نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔1