مرکزی قانون میں مداخلت کا اختیار نہیں، ہائی کورٹ میں مفاد عامہ کی درخواست
حیدرآباد۔/27 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ ہائی کورٹ میں مفاد عامہ کی درخواست دائر کرتے ہوئے آر ٹی آئی کے تحت اطلاعات کی فراہمی سے متعلق چیف سکریٹری سومیش کمار کے احکامات کو چیلنج کیا گیا۔ سومیش کمار نے تمام سرکاری محکمہ جات کے پبلک انفارمیشن آفیسرس کو میمو جاری کرتے ہوئے ہدایت دی ہے کہ آر ٹی آئی کی درخواستوں پر معلومات کی فراہمی سے قبل اپنے محکمہ جات کے سربراہوں سے اجازت حاصل کرنے مفاد عامہ کی درخواست میں عدالت سے خواہش کی گئی کہ چیف سکریٹری کے احکامات کو غیر قانونی اور غیر دستوری قرار دیا جائے ۔ آر ٹی آئی جہد کار جی سرینواس راؤ نے13 اکٹوبر کو چیف سکریٹری کی جانب سے جاری کردہ میمو کو چیلنج کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ چیف سکریٹری نے اپنے اختیارات سے نہ صرف تجاوز کیا بلکہ ان کے احکامات آر ٹی آئی ایکٹ کے خلاف ہیں۔ چیف سکریٹری کے میمو سے حق معلومات قانون کی اصل روح متاثر ہوگی اور عوام کو تفصیلات کے حصول میں دشواریاں ہوسکتی ہیں۔ درخواست گذار نے کہا کہ آر ٹی آئی مرکزی حکومت کا قانون ہے جسے پارلیمنٹ میں منظور کیا گیا اور چیف سکریٹری کو اختیار نہیں کہ وہ اس قانون کے خلاف احکامات جاری کریں۔ پارلیمنٹ نے ڈپارٹمنٹ آف پرسونل اینڈ ٹریننگ کو نوڈل ایجنسی کے طور پر مقرر کیا ہے ۔ ر
