آر ٹی سی اے دفاتر میں کام کا آغاز ، پہلے دن 1.82 کروڑ کی آمدنی

   

Ferty9 Clinic

حیدرآباد۔8مئی (سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ کی جانب سے روڈ ٹرانسپورٹ اتھاریٹی کے دفاتر کی کشادگی اور ان میں مکمل کاموں کے آغاز کے فیصلہ کے بعد آج شہر حیدرآباد کے آرٹی اے دفاتر میں کام کاج کا آغاز ہوگیا پہلے دن 1.82 کروڑ کی آمدنی ہوئی ۔ اورعہدیداروں نے لائسنس ‘ گاڑیوں کے رجسٹریشن کے علاوہ دیگر خدمات کیلئے آن لائن وقت کی فراہمی کے عمل کو شروع کردیا ہے۔ شہر حیدرآباد کے مختلف زون میں موجود آرٹی اے دفاتر میں کام کاج کے آغاز کے ساتھ ہی ان دفاتر کے باہر ہزمت سوٹ میں عملہ کی تقرری اور دفتر میں داخل ہونے والوں کی جسمانی حرارت کی جانچ کے علاوہ سماجی فاصلہ کی برقراری کے سلسلہ میں کئے جانے والے اقدامات کو یقینی بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ خیریت آباد‘ بندلہ گوڑہ‘ ملک پیٹ‘ ٹولی چوکی کے علاوہ دیگر آر ٹی اے دفاتر میں آج عوام کی بڑی تعداد پہنچی اور کئی افراد کو لرننگ لائسنس کی اجرائی کے علاوہ گاڑیوں کا رجسٹریشن جو اب تک رکا ہوا تھا اس کو بحال کرنے کے اقدامات کئے گئے ہیں۔ لاک ڈاؤن کے آغاز کے بعد سے اب تک کی جو صورتحال رہی اس دوران آرٹی اے ہی نہیں بلکہ ریاستی حکومت کے بیشتر تمام محکمہ جات کے دفاتر بند تھے لیکن گذشتہ دنوں ریاستی حکومت نے آمدنی میں اضافہ کے لئے شراب کی دکانات کے ساتھ آرٹی اے اور اسٹامپس اینڈ رجسٹریشن اور محکمہ مال کے دفاتر کی مکمل کشادگی کا اعلان کیا تھا تاکہ ریاستی حکومت کے ملازمین کو آئندہ ماہ کی تنخواہ کی اجرائی کے موقف میں حکومت رہے کیونکہ محکمہ فینانس کی جانب سے جو اطلاعات موصول ہورہی ہیں ان کے مطابق ریاستی حکومت کی معاشی حالت بتدریج ابتر ہوتی جا رہی ہے۔ آر ٹی اے دفاتر میں سماجی فاصلہ کی برقراری کے علاوہ دفتر میں داخل ہونے والوں کی جانچ کے علاوہ تمام دفاتر میں کشادگی کے ساتھ ہی جراثیم کش ادویات کے چھڑکاؤ کو یقینی بنانے کے اقدامات کئے گئے تھے اور آر ٹی اے دفاتر میں صرف ان لوگوں کو داخل ہونے کی اجازت دی گئی جن کے چہروں پر ماسک لگے ہوئے تھے جن لوگوں کے چہروں پر ماسک نہیں تھے انہیں آرٹی اے دفتر میں داخل ہونے کی اجازت حاصل نہیں رہے گی بلکہ انہیں حدود میں داخل ہونے نہیں دیا جائے گا۔ ریاستی حکومت کی جانب سے ماسک کے لزوم کے بعد آرٹی اے پہلا سرکاری دفتر ہے جہاں ماسک کے بغیر عوامی داخلہ پر پابدنی عائد کردی گئی ہے۔ آرٹی اے دفاتر کی کشادگی عمل میں لائی گئی ہے لیکن آر ٹی اے دفاتر میں خدمات انجام دینے والے درمیانی افراد کے دفاتر جو کہ آرٹی اے دفاتر کے قریب واقع ہوتے ہیں انہیں کھولنے کی اجازت نہیں دی گئی اور واضح کیا گیا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے آرٹی اے کو کھولنے کی اجازت دی گئی ہے اور اس اجازت کا مطلب قطعی یہ نہیں ہے کہ اطراف و اکناف کی تجارتی سرگرمیوں کوبھی بحال کیا جائے اسی لئے آر ٹی اے دفاتر کے باہر اور اطراف میں پولیس کی گشت میں اضافہ کردیا گیا ہے تاکہ کوئی بھی درمیانی افراد اپنی سرگرمیاں شروع نہ کرسکے۔