بسوں کی تنقیح میں شدت، کنڈکٹرس کو راحت فراہمی کے بعد مسافروں پر شکنجہ تنگ
حیدرآباد۔22ڈسمبر(سیاست نیوز) تلنگانہ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کی بس میں بغیر ٹکٹ کے سفر کرنے کے دوران پکڑے جانے پر اب 500 روپئے جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ سابق میں مسافرین کی جانب سے ٹکٹ نہ خریدے جانے پر ٹکٹ کی تنقیح کرنے والوں کی جانب سے کنڈکٹر پر جرمانہ عائد کیا جاتا تھا اور غیر ذمہ داری کیلئے کنڈکٹر کو مورد الزام ٹھہرایاجاتا تھا لیکن اب حکومت کی جانب سے تیار کردہ نئی پالیسی کے مطابق بغیر ٹکٹ سفر کرنے والوں پر جرمانہ عائد کیا جائے گا اور ان سے 500 روپئے جرمانہ وصول کیا جائے گا۔ آر ٹی سی ہڑتال کے خاتمہ کے بعد چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے جو اعلانات کئے تھے ان میں کنڈکٹرس کے اس مطالبہ کو بھی پورا کرنے کا اعلان کیا تھا جس میں کنڈکٹرس نے کہا تھا کہ بغیر ٹکٹ کے سفر کرنے والوں کے لئے کنڈکٹرس کو ذمہ دار قرار دیا جانا درست نہیں ہے۔بتایاجاتا ہے کہ آرٹی سی انتظامیہ نے اس سلسلہ میں محکمہ ٹرانسپورٹ کی جانب سے مشاورت کے بعد قطعی اعلامیہ کی اجرائی کا اعلان کردیا ہے اور اس اعلان کے ساتھ ہی کنڈکٹرس کو یہ بھی ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اپنے اس معاملہ میں کوتاہی نہ کریں اور ٹکٹ کی اجرائی کو یقینی بنائیں لیکن اب اگر کوئی بغیر ٹکٹ مسافر تنقیح کرنے والے عملہ کے ہاتھ لگتا ہے تو اب مسافر کو 500 روپئے جرمانہ ادا کرنا ہوگا ۔ریاستی حکومت کی جانب سے آرٹی سی عملہ کیلئے کئے گئے اعلانا ت میں یہ بھی ایک فیصلہ شامل تھا جس پر حکومت نے عمل آوری کے لئے منظوری فراہم کردی ہے ۔ بتایاجاتا ہے کہ محکمہ ٹرانسپورٹ نے شہر کے علاوہ اضلاع کی بسوں میں بغیر ٹکٹ سفر کرنے والوں کے خلاف سخت کاروائی کا فیصلہ کیا ہے اور کہا جا رہاہے کہ تمام بسوں میں تنقیح کے عمل میں شدت پیدا کی جائے گی اور جو لوگ بغیر ٹکٹ سفر کر رہے ہیں ان پر بھاری جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ بتایاجاتا ہے کہ جرمانہ کی ادائیگی کیلئے مسافرین کو کوئی مہلت فراہم نہیںکی جائے گی بلکہ بغیر ٹکٹ سفر کے دوران پکڑے جانے والے مسافرین کو اسی جگہ پرجرمانہ کی رقم ادا کرنی ہوگی۔اسی طرح اضلاع کو روانہ ہونے والی بسوں میں سفر کرنے والوں کے ٹکٹ بھی شہر کے باہر تنقیح کو یقینی بنانے کی ہدایت دی گئی ہے تاکہ بغیر ٹکٹ سفر کرنے والے مسافرین کے خلاف کاروائی کرتے ہوئے ان پر جرمانہ عائد کیا جاسکے۔