آر ٹی سی کے پانچ ملازمین گرفتار ، بس ڈرائیور سے حملہ آوروں کی نشاندہی
حیدرآباد ۔ /11 اکٹوبر (سیاست نیوز) آر ٹی سی ملازمین کی غیرمعینہ ہڑتال کے دوران چلائے جارہے آر ٹی سی بسوں کو نشانہ بناتے ہوئے انہیں نقصان پہونچانے کے واقعہ میں ملوث آر ٹی سی کے 5 ملازمین کو پولیس لنگر حوض نے گرفتار کرلیا ۔ انسپکٹر لنگر حوض سی ایچ سرینواس نے کہا کہ /9 اکٹوبر کو بس ڈرائیور کاشی پورم وینکٹیا اپنے ساتھی کنڈکٹر ایس یادیا کے ہمراہ وقار آباد پرگی سے تعلق رکھنے والی آر ٹی سی بس کوڑنگل تا پرگی چلانے کے بعد مہدی پٹنم واپس لوٹ رہا تھا کہ اچانک موٹر سائیکل پر سوار بعض افراد نے بس پر سنگباری کردی جس کے نتیجہ میں شیشے ٹوٹ گئے ۔ بس ڈرائیور وینکٹیا حملہ آوروں کی نشاندہی کرنے کا دعویٰ کیا تھا جس پر لنگر حوض پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 5 آر ٹی سی ملازمین ، 55 سالہ رگھو ناتھ جھارکھنڈ ، 53 سالہ سی سدھاکر ، 53 محمد علاء الدین ، 45 سالہ امجد خان ، 51 سالہ محبوب محمد خان اور 54 سالہ عبدالحمید جو آر ٹی سی کے میکانک ہے کو گرفتار کرلیا ۔ انسپکٹر لنگر حوض نے کہا کہ گرفتار ملزمین نے تحقیقات کے دوران یہ بتایا کہ گزشتہ 5 دنوں سے جاری آر ٹی سی ملازمین کی ہڑتال کے دوران حکومت کی جانب سے خانگی ڈرائیورس اور دیگر عملہ کی مدد سے چلائے جانے والی بسوں پر اپنی برہمی ظاہر کرنے کی غرض سے سنگباری کی ہے ۔ گرفتار ملزمین کو عدالت میں پیش کیا گیا ۔