اقل ترین کرایہ 10روپئے، چیف منسٹر کے سی آر کی ہدایت پر عمل آوری کی تیاری
حیدرآباد ۔ 30 نومبر (سیاست نیوز) ریاست میں آر ٹی سی بس کرایوں میں 2 ڈسمبر سے ہونے والے اضافہ کو پیش نظر رکھتے ہوئے عہدیداران تلنگانہ اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن نے حیدرآباد سٹی سرویسیس کے ساتھ دیہی علاقوں میں چلنے والی پلے ویلگو آر ٹی سی بسوں کیلئے اقل ترین کرایہ 10 روپئے مقرر کرنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ فی الوقت یہ کرایہ صرف 5 روپئے ہے۔ بس کرایوں میں اضافہ کے بغیر آر ٹی سی کا چلانا ممکن نہ ہونے کے پیش نظر فی کیلو میٹر 20 پیسے آر ٹی سی بس کرایوں میں اضافہ کرنے چیف منسٹر مسٹر کے چندرشیکھر کے اعلان کی روشنی میں ہی عہدیداران ٹی ایس آر ٹی سی نے نئے بس کرایوں کا ابتدائی طور پر تعین کیا ہے جبکہ شہری علاقوں کے آگے تک چلائی جانے والی ایکسپریس، ڈیلکس، سوپرلکژری، گروڈا، گروڈا پلس اور ونیلا جیسی بس سرویسیس کیلئے موجودہ کرایوں پر 20 پیسے فی کیلو کرایہ میں اضافہ کیا جارہا ہے اور چلر پیسوں کا مسئلہ بھی درپیش نہ ہونے کیلئے رقم کا تعین کیا جائے گا لیکن سٹی بسوں اور پلے ویلگو سرویسیس سے ہونے والے زبردست نقصانات کے پیش نظر اقل ترین کرایوں میں دوگنا اضافہ کرنے کا عہدیداران آر ٹی سی نے فیصلہ کرنے کی اطلاعات پائی جاتی ہیں۔ بتایا جاتا ہیکہ چیف منسٹر بس کرایوں میں اضافہ کے تعلق سے منظوری حاصل ہونے کے فوری بعد بس ٹکٹ کی قیمتوں کا اعلان کرتے ہوئے 2 ڈسمبر سے اضافہ شدہ بس کرایوں پر عمل آوری کا آغاز کیا جائے گا۔ بتایا جاتا ہیکہ بس کرایوں میں اضافہ کے بعد حیدرآباد تا وجئے واڑہ تمام زمروں کی بسوں میں موجودہ ٹکٹس کی قیمت میں مزید 55 روپئے کا اضافہ ہوگا۔ اسی طرح کریم نگر کیلئے 32 روپئے، ورنگل کیلئے 30 روپئے، نظام آباد کیلئے 35 روپئے، کھمم کیلئے 45 روپئے اور عادل آباد کیلئے 60 روپئے کا اضافہ ہوگا۔ بتایا جاتا ہیکہ اضافہ کئے جانے والے بس کرایوں سے متعلق مکمل تفصیلات تمام آر ٹی سی بس ڈپوز کو آج 30 نومبر دن ہی روانہ کردی جائیں گی۔