حیدرآباد۔ 23 جولائی (یو این آئی) ایک ہوشیارچور نے بائیک یا کار نہیں بلکہ آر ٹی سی بس ہی چرا لی۔ یہ حیرت انگیز واقعہ آندھرا پردیش کے ضلع نیلور میں پیش آیا۔ آتماکور ڈپو سے تعلق رکھنے والی آر ٹی سی بس گزشتہ رات نیلور پہنچی، جہاں ڈرائیور نے بس اسٹینڈ میں گاڑی پارک کر کے آرام کے لیے ریسٹ روم کا رخ کیا۔ صبح جب وہ بس واپس آیا تو گاڑی غائب تھی، جس پر فوراً آر ٹی سی حکام کو اطلاع دی گئی۔ حکام نے فوری طور پر کارروائی کرتے ہوئے بُچّی ریڈی پالم ٹول گیٹ پر سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے بس کو ٹریس کیا اور آتماکور پولیس کو اطلاع دی۔ اسی دوران، ڈرائیور نے اپنے آبائی گاؤں نیلور پالم میں مقیم ارکان خاندان کو اطلاع دی۔ گھر والوں نے مقامی افراد کے ساتھ مل کر نیلور پالم سرکل کے قریب بس کا راستہ روکا اور چور کو پکڑ کر کھمبے سے باندھ دیا گیا۔
پولیس نے موقع پر پہنچ کر چور کو حراست میں لے لیا اور تفتیش کا آغاز کیا۔ ابتدائی تحقیقات میں چور کی شناخت بٹرا گُنٹا کرشنا کے طور پر ہوئی ہے ، جو وِدوَلوُرو منڈل کے کنچرل گاؤں کا رہنے والا ہے ۔