آر ٹی سی جے اے سی کی 4 یا 5 نومبر کو امیت شاہ سے ملاقات

   

مرکز سے مداخلت کی اُمید،ایک ہفتہ طویل احتجاجی پروگراموں کوقطعیت : اشواتھاما ریڈی
حیدرآباد۔/2نومبر، ( سیاست نیوز) آر ٹی سی جے اے سی کے کنوینر اشواتھاما ریڈی نے کہا کہ بہت جلد مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ سے ملاقات کرتے ہوئے آر ٹی سی ہڑتال اور ملازمین کے مطالبات پر نمائندگی کی جائے گی۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے اشواتھاما ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ حکومت کی جانب سے مطالبات کی یکسوئی میں ناکامی پر جے اے سی نے مرکز سے نمائندگی کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کا ہٹ دھرمی کا رویہ مرکزی حکومت کی مداخلت کا متقاضی ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ آر ٹی سی ہڑتال میں مزید شدت پیدا کی جائے گی اور سیاسی جماعتوں اور عوامی تنظیموں کے تعاون سے مزید احتجاجی پروگرام منظم کئے جائیں گے۔ جے اے سی کے زیر اہتمام آج مختلف سیاسی جماعتوں کے قائدین کے ساتھ اجلاس منعقد کیا گیا جس میں ہڑتال کی تازہ ترین صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ بعد میں اشواتھاما ریڈی نے کہا کہ بہت جلد مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ سے ملاقات کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ ملازمین کے ساتھ حکومت کے غیر انسانی رویہ کی مرکز سے شکایت کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ آر ٹی سی جے اے سی قائدین کے ہمراہ 4 یا 5 نومبر کو امیت شاہ سے ملاقات کا منصوبہ ہے۔ اس کے علاوہ آر ٹی سی کی تقسیم پر حکومت کی جانب سے کوئی بھی فیصلہ قانونی شمار نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ مسائل کی یکسوئی تک ہڑتال جاری رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو ملازمین کی برطرفی کا کوئی اختیار حاصل نہیں ہے حکومت چاہے کوئی فیصلہ کرے آر ٹی سی ملازمین کو خوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔ اپوزیشن قائدین کے ساتھ اجلاس میں آئندہ کے احتجاجی لائحہ عمل کو قطعیت دی گئی۔ 3 نومبر کو تمام بس ڈپوز کے روبرو اور گاؤں میں جے اے سی کے احتجاجی پروگرام منظم کئے جائیں گے۔ 4 نومبر کو سیاسی جماعتوں کے ساتھ آر ٹی سی بس ڈپوز کے روبرو دھرنا منظم کیا جائے گا۔ 5 نومبر کو سڑک بند احتجاج کے تحت قومی اور ریاستی شاہراہوں کو بند کردیا جائے گا۔ 6 نومبر کو ریاست گیر سطح پر ڈپوز کے روبرو احتجاج منظم کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ 7 نومبر کو آر ٹی سی ملازمین ، ان کے ارکان خاندان اور سیاسی قائدین بس ڈپوز کے روبرو ایک دن کی بھوک ہڑتال کریں گے۔ 8 نومبر کو ’’ چلو ٹینک بنڈ ‘‘ اجتماعی احتجاج منظم کیا جائے گا۔ 9 نومبر کو ٹینک بنڈ پر بھوک ہڑتال اور احتجاجی پروگرام منظم کئے جائیں گے۔ اشواتھاما ریڈی نے امید ظاہر کی کہ مرکز سے نمائندگی کے بعد امیت شاہ آر ٹی سی کی ہڑتال کے سلسلہ میں فوری مداخلت کریں گے۔