آر ٹی سی حکام چوکس رہیں، وزیر ٹرانسپورٹ کی ہدایت

   

حیدرآباد کے نشیبی علاقوں میں حکام کو احتیاطی اقدامات کا مشورہ
حیدرآباد ۔ 27 ۔ اگست (سیاست نیوز) وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر نے ریاست کے مختلف اضلاع میں کل سے جاری موسلادھار بارش کے پیش نظر عوام اور آر ٹی سی حکام کو چوکسی کا مشورہ دیا۔ میدک اور کاما ریڈی اضلاع میں زبردست بارش کے نتیجہ میں سڑکوں کو نقصان پہنچا اور ٹرانسپورٹ کی سہولتیں متاثر ہوئی ہیں۔ پونم پربھاکر نے سڑکوں پر پانی جمع ہونے کے سبب آر ٹی سی ڈرائیورس کو چوکسی کا مشورہ دیا۔ مسافرین کی سلامتی آر ٹی سی کی اولین ترجیح ہونی چاہئے ۔ جی ایچ ایم سی اور دیگر محکمہ جات سے ربط قائم کرتے ہوئے حیدرآباد میں نشیبی علاقوں سے پانی کی نکاسی کیلئے اقدامات کی ہدایت دی۔ دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد میں خصوصی ٹیموں کو چوکسی کی ہدایت دی گئی ۔ پونم پربھاکر نے عہدیداروں سے کہا کہ ضرورت پڑ نے پر نشیبی علاقوں کے مکینوں کو محفوظ مقامات منتقل کیا جائے۔ انہوں نے گنیش پنڈالوں اور برقی کھمبوں کے پاس احتیاطی تدابیر کی ہدایت دی اور عوام کو مشورہ دیا کہ وہ بارش کے دوران برقی کھمبوں سے دور رہیں۔ برقی شاک کے واقعات سے بچاؤ کے لئے عوام کو عہدیداروں کی ہدایات پر عمل کرنا چاہئے۔1