آر ٹی سی سے پارسل کی حمل و نقل کا آغاز

   

آمدنی میں اضافہ کی مساعی ، مختلف ڈپوز سے بسوں کا حصول
حیدرآباد۔20 ڈسمبر(سیاست نیوز) تلنگانہ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن آئندہ ماہ کارگو پارسل کی حمل و نقل کی خدمات کا آغاز کرے گا۔ حکومت تلنگانہ کی جانب سے تیار کردہ منصوبہ کے مطابق تلنگانہ ریاستی روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کی جانب سے پارسل خدمات کی حمل و نقل کے انتظامات کو یقینی بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور کہا جا رہاہے کہ اس سلسلہ میں رہنمایانہ خطوط جاری کئے جا چکے ہیں۔ حکومت نے محکمہ ٹرانسپور ٹ کو ہدایت دی ہے کہ وہ ماہ جنوری میں فوری طور پر اضلاع اور دیگر مقامات کے لئے روانہ کئے جانے والے پارسل کی منتقلی کا آغاز کریں تاکہ آرٹی سی کی جانب سے چلائی جانے والی ڈی جی ٹی خدمات کو وسعت دیتے ہوئے آمدنی میں اضافہ کے اقدامات کے منصوبہ کو عملی جامہ پہنایا جاسکے۔بتایاجاتاہے کہ پہلے مرحلہ میں جو کہ جنوری سے شروع ہونے جا رہاہے اس کے لئے شعبہ میں خدمات انجام دینے 1209 ملازمین کو شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ ریاست کے 60 ڈپوز میں آرٹی سی ڈی جی ٹی بسیں موجود ہیں لیکن انہیں مخصوص اوقات اور ضرورت پر ہی نکالا جا تا ہے لیکن اب حکومت کی جانب سے تیار کردہ منصوبہ کے تحت پارسل خدمات کو بہتر بنانے کیلئے ان بسوں کا استعمال کیا جائے گا اور سامان کی حمل و نقل سے آرٹی سی کی آمدنی میں اضافہ بھی ریکارڈ کیا جائے گا۔ بتایاجاتا ہے کہ ریاستی حکومت کی جانب سے سرکاری سامان کی منتقلی کیلئے آرٹی سی کی خدمات کے حصول کا فیصلہ کیا گیا ہے اور بتدریج ان خدمات کو توسیع دینے کے سلسلہ میں اقدامات کئے جائیں گے۔ ابتدائی طور پراضلاع اور شہروں میں محکمہ سیول سپلائز کی جانب سے روانہ کی جانے والی اجناس کی منتقلی کے علاوہ یومیہ اساس پر مواضعات اور اضلاع سے شہروں کو منتقل کی جانے والی ترکاریوں کے علاوہ دیگر اشیاء کی منتقلی کیلئے بھی آر ٹی سی کی ڈی جی ٹی خدمات سے استفادہ کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق شہر حیدرآباد کے ڈپوز میں موجود ڈی جی ٹی بسوں کی خدمات کے ساتھ دیگر اضلاع کے ڈپوز میں موجود بسو ںکو بھی ان خدمات کیلئے استعمال کیا جائے گا۔عہدیداروں نے بتایا کہ ان ڈی جی ٹی بسوں کے ذریعہ حمل و نقل کی خدمات کو جلد ہی محکمہ بلدی نظم و نسق‘ محکمہ زراعت اور محکمہ تعلیم کی جانب سے منتقلی کے کاموں کے لئے استعمال کیا جائے گا اور آرٹی سی کو مذکورہ محکمہ جات کی جانب سے کرایہ ادا کیا جائے گا جو کہ آرٹی سی کی آمدنی میں اضافہ کا سبب بنے گا اور ڈی جی ٹی ویان ہمیشہ مصروف رہیں گی۔