پہاڑی شریف پولیس اسٹیشن میں قائدین سے ملاقات، جمہوری احتجاج کو کچلنے کے خلاف انتباہ
حیدرآباد۔/16 نومبر، ( سیاست نیوز) سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ نے آر ٹی سی جے اے سی قائدین کی گرفتاریوں کی مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ جمہوری اور گاندھیائی انداز میں اپنے جائز حقوق کیلئے احتجاج کرنے والے آر ٹی سی جے اے سی قائدین کو پولیس نے گرفتار کرلیا اور خاتون آر ٹی سی ملازمین پر حملہ کیا گیا۔ آر ٹی سی جے اے سی کے معاون کنوینر راجی ریڈی کی قیامگاہ پر کشیدگی کی اطلاع پر وی ہنمنت راؤ پہنچے اور انہوں نے پولیس کے رویہ پر تنقید کی۔ ہنمنت راؤ نے کہا کہ خواتین کے ساتھ پولیس کے تصادم میں 2 خاتون ملازمین زخمی ہوگئیں۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ راجی ریڈی کی قیامگاہ پر لیڈیز پولیس کے بجائے مرد پولیس والوں کو تعینات کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پولیس نے راجی ریڈی کے ساتھ احتجاج میں شرکت کی خواہاں خاتون ملازمین کو بھی حراست میں لے لیا ہے۔ انہیں پہاڑی شریف پولیس اسٹیشن منتقل کردیا گیا۔ ہنمنت راؤ نے پہاڑی شریف پولیس اسٹیشن پہنچ کر راجی ریڈی اور دیگر آر ٹی سی ملازمین سے ملاقات کی۔ اس موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ہنمنت راؤ نے کہا کہ بھوک ہڑتال کے آغاز سے قبل ہی راجی ریڈی کو قیامگاہ سے گرفتار کرنا غیر جمہوری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس آر ٹی سی ملازمین جے اے سی قائدین کے ساتھ مجرموں اور دہشت گرد جیسا سلوک کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کا ہٹ دھرمی کا رویہ صورتحال کو مزید سنگین بناسکتا ہے۔ ہنمنت راؤ نے الزام عائد کیا کہ چیف منسٹر آر ٹی سی کے اثاثہ جات کو اپنے قریبی افراد میں تقسیم کرنا چاہتے ہیں۔ کئی اضلاع میں پہلے ہی آر ٹی سی کی اراضی پٹرول پمپس اور گیس ایجنسیوں کو الاٹ کردی گئی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے پاس ہائی کورٹ کے احکامات کی کوئی اہمیت نہیں ہے۔ آر ٹی سی میں مرکزی حکومت کی حصہ داری 31 فیصد ہے لہذا تلنگانہ حکومت یکطرفہ طور پر خانگیانے یا اثاثہ جات فروخت کرنے کا فیصلہ نہیں کرسکتی۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت کو مرکز کی اجازت سے ہی فیصلے کرنے پڑیں گے۔ ہنمنت راؤ نے کہا کہ پڑوسی ریاست آندھرا پردیش کی حکومت نے آر ٹی سی کو حکومت میں ضم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ہنمنت راؤ نے آر ٹی سی کے انضمام سے متعلق مطالبہ سے دستبرداری کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ چیف منسٹر کو چاہیئے کہ وہ فوری مذاکرات کیلئے جے اے سی کو طلب کریں۔ ہڑتال کے سبب ملازمین کی خودکشی کے واقعات میں اضافہ ہوچکا ہے لیکن کے سی آر کو انسانی جانوں کے اتلاف کی کوئی فکر نہیں۔ ہنمنت راؤ نے کہا کہ وہ دن دور نہیں جب عوام کے سی آر کو سبق سکھائیں گے۔