چنچل گوڑہ جیل میں غیر معینہ مدت کی ہڑتال کا آغاز
حیدرآباد۔9اکٹوبر(سیاست نیوز) چنچل گوڑہ جیل میں محروس سینیئر صحافی مسٹر روی پرکاش سابق سی ای او ٹی وی 9 نے ہڑتالی آر ٹی سی ملازمین کی تائید میں بھوک ہڑتال شروع کردی ہے۔ روی پرکاش کو گذشتہ دنوں ٹی وی 9 کے فنڈس کے تغلب کے الزام میں حراست میں لیتے ہوئے جیل منتقل کیا گیا تھا اور وہ چنچل گوڑہ جیل میں ہیں جہاں انہوں نے آج سے غیر معینہ مدت کی بھوک ہڑتال کا آغاز کرتے ہوئے ریاست میں جاری آر ٹی سی ملازمین کی ہڑتال کی تائید کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وہ آر ٹی سی ملازمین کی تائید میں بھوک ہڑتال شروع کرچکے ہیں اور ان کی یہ ہڑتال آر ٹی سی ملازمین کے مطالبات کی تائید اور ان سے اظہاریگانگت کیلئے کی جا رہی ہے۔روی پرکاش کی جانب سے بھوک ہڑتال کے آغاز کا آر ٹی سی یونین کے ذمہ داروں نے خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ انہیں توقع ہے کہ اسی طرح انہیں سیاسی اور عوامی تائید حاصل ہوگی کیونکہ وہ اپنے مفاد کیلئے نہیں بلکہ آر ٹی سی کے مفاد کی جدوجہد کر رہے ہیں اور اس جدوجہد میں وہ عوام کو شامل کرنے کے علاوہ ان کی تائید حاصل کرنے میں بڑی حد تک کامیاب بھی ہورہے ہیں۔