آر ٹی سی ملازمین کو مکمل تنخواہ کی ادائیگی کی امید

   

Ferty9 Clinic

روزانہ محض تین کروڑ کی آمدنی، خسارہ کے باوجود ملازمین سے حکومت کی ہمدردی
حیدرآباد: حکومت کی جانب سے سرکاری ملازمین کو مکمل تنخواہ اور پنشنرس کو مکمل وظیفہ کی ادائیگی سے متعلق فیصلہ کے بعد آر ٹی سی ملازمین میں امید جاگی ہے کہ انہیں بھی جون سے مکمل تنخواہ ادا کی جائے گی ۔ سرکاری ملازمین کی طرح آر ٹی سی ملازمین کو گزشتہ تین ماہ سے 50 فیصد تنخواہ ادا کی جارہی تھی ۔ مکمل تنخواہوں کی ادائیگی سے متعلق احکامات میں اگرچہ آر ٹی سی کا خصوصی طور پر تذکرہ نہیں کیا گیا تاہم عہدیداروں نے کہا کہ حکومت سرکاری ملازمین کی طرح آر ٹی سی اسٹاف کو بھی مکمل تنخواہ ادا کردے گی ۔ لاک ڈاؤن کے دوران اور اس کے بعد نرمی کے باوجود آر ٹی سی کے خسارہ میں کوئی کمی نہیں آئی ہے۔ لاک ڈاؤن کے دوران اضلاع اور بین ریاستی بس سرویسز کو بند رکھا گیا تھا ۔ نرمی کے بعد اضلاع میں بس سروسیس کا آغاز ہوا لیکن حیدرآباد میں سٹی سروسیس کی اجازت تاحال نہیں دی گئی ہے۔ عہدیداروں کا کہنا ہے کہ اضلاع کی بس سروسیس میں مسافرین کی کمی کے نتیجہ میں آر ٹی سی کو کوئی خاص فائدہ نہیں ہورہا ہے ۔ حکومت نے نائیٹ سرویس کی اجازت دی لیکن 90 فیصد روٹس پر نائیٹ سروسیس مسافرین کی کمی کے باعث بند ہیں۔ آر ٹی سی کے ایک عہدیدار نے اعتراف کیا کہ عام حالات کے مقابلہ آر ٹی سی فی الوقت صرف 30 فیصد آمدنی حاصل کر پارہی ہے ۔ عام حالات میں روزانہ 13 تا 14 کروڑ کی آمدنی ہے لیکن موجودہ حالات میں بین ضلعی سروسیس اور کارگو سرویس کے باوجود بمشکل تین کروڑ روپئے حاصل ہورہے ہیں۔ کورونا سے متعلق عوام میں خوف کے باعث مسافرین کی تعداد انتہائی کم ہے ۔ آر ٹی سی عہدیداروں نے موجودہ حالات میں حکومت سے زائد فنڈس کی اجرائی کی خواہش کی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ حکومت نے خسارہ کے باوجود آر ٹی سی ملازمین کو مکمل تنخواہ کی ادائیگی کا وعدہ کیا ہے ۔