سات ہزار مسلم خواتین ، حکومت سے اقلیتوں اور پسماندہ طبقات کی بھلائی کے دعوے
نظام کے دور حکومت میں کارپوریشن کا قیام ، متعدد ملازمین کی آصف سابع نواب میر عثمان علی خاں کی مزار پر حاضری
حیدرآباد۔7اکٹوبر(سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ کی جانب سے تلنگانہ اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریش کے ملاز مین کی برطرفی کا اثر سب سے زیادہ مسلمانوں اور پسماندہ طبقات پر ہوگا کیونکہ 80فیصد ملازمین کا تعلق ایس سی ‘ ایس ٹی ‘ بی سی اور مسلم طبقہ سے ہے جو کہ ہڑتال کر رہے ہیں۔ آر ٹی سی ملازمین میں 7000 مسلم ملازمین ہیں جو کہ حکومت کی جانب سے کی جانے والی کاروائی کا نشانہ بنیں گے ۔ حکومت تلنگانہ کی جانب سے ملازمتوں کی فراہمی اور اقلیتوں اور پسماندہ طبقات کی ترقی و خوشحالی کی دہائی دی جاتی رہی ہے لیکن اب جبکہ ملازمین کی برطرفی کے اقدامات کئے جا رہے ہیں تو ایسا محسوس ہوتا ہے کہ حکومت پسماندہ طبقات کو مزید پسماندگی کا شکار بنانے کے اقدامات کر رہی ہے۔آر ٹی سی مسلم ملازمین اور اقلیتی ملازمین نے آج مسجد جودی کنگ کوٹھی پہنچ کر آصف سابع نواب میر عثمان علی خان کی مزار پر چادر گل پیش کی اور کہا کہ نظام نے جس کارپوریشن کو قائم کیا تھا اس کارپوریشن کو بوقت ضرورت نظام کا نام لینے والی حکومت کی جانب سے خانگیانے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ ملازمین نے کہا کہ وہ سیاسی جماعتوں سے مدد کی اپیل کر رہے ہیں وہیں کارپوریشن کے بانی کو بھی یاد کر رہے ہیں کیونکہ موجودہ حکومت آر ٹی سی کی تاریخ میں نئے باب کے آغاز کے نام پر آرٹی سی کی تاریخ کو ختم کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ ریاست کے سرکاری محکمہ جات کے تحت کام کرنے والے کارپوریشن اور اداروں میں واحد آر ٹی سی ایسا ادارہ ہے جہاں بڑی تعداد میں مسلم ملازمین ہیں اور حکومت کی جانب سے ان ملازمین کو برخواست کرنے کے اقدامات کو قطعیت دی جاتی ہے تو ایسی صورت میں بڑی تعداد میں خدمات انجام دے رہے یہ مسلم ملازمین اپنی ملازمتوں سے محروم ہوجائیں گے۔آر ٹی سی ہڑتال کرنے والے ملازمین کی جانب سے حکومت پر یہ الزام عائد کیا جا رہا تھا کہ حکومت آرٹی سی کو ضم کرنے کے بجائے اسے خانگیانے کی کوشش کر رہی ہے جبکہ حکومت کی جانب سے آر ٹی سی کے حکومت میں انضمام کا متعدد مرتبہ وعدہ کیا جاتا رہا ہے لیکن گذشتہ یوم چیف منسٹر کے اعلی سطحی اجلاس کے دوران جو فیصلہ کیا وہ ملازمین کی جانب سے عائد کئے جانے والے الزامات کی توثیق کرتا ہے کیونکہ حکومت کی جانب سے آر ٹی سی کے ذریعہ 50 فیصد خانگی بسیں چلانے کے علاوہ موجودہ ملازمین کی جگہ پر نئے تقررات کے اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ریاستی سیکریٹری تلنگانہ مزدور یونین و صدر تلنگانہ آل میناریٹی ایمپلائز اینڈ ورکرس اسوسیشن جناب ہدایت علی ‘محمد عارف جنرل سیکریٹری ٹی ایس آر ٹی سی یونٹ‘ عبدالقدیر ‘ عبدالرؤف‘ عبدالجبار‘ کلیم اللہ ‘ ضمیر ‘ جہانگیر ‘ غوث ‘ عرفان ‘ مظہر کے علاوہ دیگر ملازمین نے آصف سابع کی مزار پر فاتحہ خوانی کی اور ایک عرضداشت پیش کی۔