۔58 سے 60 سال کردیا گیا ، چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر کی دستخط
حیدرآباد۔25 ڈسمبر(سیاست نیوز) چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے تلنگانہ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کے ملازمین کی وظیفہ کی عمر میں اضافہ کے فیصلہ کے متعلق دستاویزات پر آج دستخط کردیئے ہیں اور اب تلنگانہ اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کے ملازمین کی وظیفہ کی عمر 58کے بجائے 60 برس ہوجائے گی۔ چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے آرٹی سی ہڑتال کے اختتام کے اعلان کے ساتھ ہی آر ٹی سی ملازمین سے کی گئی ملاقات کے دوران اس بات کا اعلان کیا تھا کہ وہ ملازمین کی حد عمر میں اضافہ کے سلسلہ میں کئے جانے والے مطالبہ پر غور کریں گے۔ مسٹر کے سی آر نے آج ملازمین کی حد عمر میں اضافہ کے سلسلہ میں عہدیداروں کی جانب سے تیار کی گئی فائل طلب کرتے ہوئے دستخط کردیئے ہیں۔ریاست تلنگانہ میں آر ٹی سی کی جانب سے کی گئی ہڑتال کے دوران جن مطالبات کو ملازمین نے رکھا تھا ان تمام مطالبات کو ہڑتال کے ختم ہونے کے بعد چیف منسٹر نے قبول کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ ریاستی حکومت ملازمین کے مفادات کے تحفظ کو یقینی بنائے گی ۔ گذشتہ چند یوم کے دوران چیف منسٹر نے تلنگانہ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کے ملازمین سے کئے گئے وعدوں میں بیشتر وعدوں کے سلسلہ میں احکامات جاری کردیئے ہیں اور کہا جا رہاہے کہ ریاستی حکومت کی جانب سے بہت جلد مابقی وعدوں کو بھی پورا کرنے کے سلسلہ میں احکامات کی اجرائی عمل میں لائی جائے گی۔ بتایاجاتا ہے کہ انتظامیہ اور ملازمین میں موجود تفریق کو ختم کرنے کے سلسلہ میں احکامات کی اجرائی کے بعد یہ دوسرے اہم احکام ہیں جن میں ملازمین کے وظیفہ کی حد عمر میں اضافہ کے فیصلہ کو قطعیت دی گئی ہے۔