آر ٹی سی ملازمین کی ہڑتال سے مسافر متعدد مسائل سے دوچار

   

خانگی بسوں میں اضافی رقم کی وصولی ، بس پاسیس مسترد ، مسافروں اور کنڈکٹرس میں بحث و تکرار ، حکومت کے دعوے کھوکھلے ثابت
حیدرآباد ۔ 10 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز) : ریاست بھر میں اور بالخصوص گریٹر حیدرآباد شہر میں آر ٹی سی ملازمین کی غیر معینہ بس ہڑتال سے بھی مسافرین کو مشکلات پیش آرہی ہیں بلکہ کئی ایک ناقابل برداشت مسائل سے دوچار ہونا پڑرہا ہے جب کہ آر ٹی سی انتظامیہ و سرکاری مشنری سے عوام کو سفر کی سہولتیں فراہم کرنے کا ادعا کیا جارہا ہے لیکن عوام ان تمام ادعا جات کو مسترد کردیا ہے ۔ گریٹر حیدرآباد میں یومیہ زائد از 3657 سٹی بسیں چلائی جاتی تھیں لیکن ہڑتال کے باعث صرف ایک ہزار بسیں ہی چلائی جانے کے باعث پرائیوٹ بسوں وغیرہ میں زائد بس چارجس کے ذریعہ عوام سفر کرنے پر مجبور ہیں کیوں کہ آر ٹی سی بسوں میں ہی خانگی افراد ڈرائیورس و کنڈکٹرس کی حیثیت سے خدمات انجام دیتے ہوئے وہ خود مقررہ کرایوں سے زائد کرایہ وصول کرنے کی شکایات عام ہیں ۔ جن افراد کے ہاں بس پاسیس ہیں وہ بس پاسیس بسوں میں قبول نہیں کررہے ہیں ۔ جس کی وجہ سے بس پاس کے حامل مسافروں اور کنڈکٹروں میں بحث و مباحث کے واقعات پیش آرہے ہیں ۔ جب کہ بس پاس رکھنے کے حامل مسافروں سے بس کرایہ وصول نہ کر کے بس پاس کو قبول کرنے کی عہدیداروں کی جانب سے واضح ہدایات دینے کے باوجود بس کو خاطر میں نہ لانے کی شکایات بھی ہیں ۔ گریٹر حیدرآباد میں عام طور پر یومیہ زائد از 33 لاکھ افراد آر ٹی سی بسوں میں سفر کرتے ہیں لیکن آر ٹی سی ملازمین کی ہڑتال سے مناسب تعداد میں بسیں نہ چلائے جانے کے نتیجہ میں زائد از 25 لاکھ افراد بسوں میں سفر کی مشکلات سے دوچار ہورہے ہیں ۔ ایکطرف گریٹر حیدرآباد میں کافی حد تک بسیں چلانے کا آر ٹی سی عہدیداروں کی جانب سے اعلان تو کیا جارہا ہے لیکن عملی طور پر اقدامات ممکن نہیں ہورہے ہیں جس کی وجہ سے عوام میں ( بس مسافرین میں ) شدید برہمی پائی جارہی ہے اور بتایا جارہا ہے کہ آر ٹی سی عہدیدار ایسے مقامات پر ہی بسیں چلانے کے اقدامات کررہے ہیں جہاں عوام کا کافی اژدھام دیکھا جارہا ہے جب کہ دیگر مقامات پر صرف برائے نام بسیں چلانے کی وجہ سے ان مقامات کے عوام کو دفاتر جانے و دیگر ضروریات سے دوسرے مقامات کو روانہ ہونے میں کافی دشواریوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔ جس کے باعث عوام سٹ ون سرویسیس ، سات نشستی آٹو رکشاؤں ، کیابس اور ایم ایم ٹی ایس و میٹرو ریل میں اپنے سفر کو جاری رکھنے پر اولین ترجیح دے رہے ہیں اور اس طرح ریلوے اسٹیشنوں پر بھی عوام کے اژدھام میں زبردست اضافہ ہونے کی وجہ سے ٹرین کے ذریعہ دور دراز مقامات کا سفر کرنے کے لیے ریلوے اسٹیشن پہونچنے والے افراد کو کئی ایک مسائل و مشکلات سے دوچار ہونے کی شکایات پائی جارہی ہیں ۔۔