آر ٹی سی ملازمین کی ہڑتال کی این جی اوز کی تائید

   

ہڑتالی ملازمین اور حکومت کے درمیان بات چیت کروانے کی کوشش

حیدرآباد۔15اکٹوبر(سیاست نیوز) حکومت کو ریاست میں ملازمین کی جانب سے نئی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔تلنگانہ نان گزیٹیڈ آفیسرس اسوسیشن کی جانب سے آر ٹی سی ملازمین کی ہڑتال کی تائید کا اعلان کرتے ہوئے حصول تلنگانہ کیلئے کی گئی عام ہڑتال کی طرح ہڑتال شروع کرنے پر غور کیا جانے لگا ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ حکومت کی جانب سے اختیار کردہ رویہ کو دیکھتے ہوئے ٹی این جی اوز نے فیصلہ کیا ہے وہ آر ٹی سی ملازمین کی تائید میں چیف سیکریٹری سے ملاقات کرتے ہوئے ہڑتالی ملازمین اور حکومت کے درمیان بات چیت شروع کروانے کی کوشش کی جائے گی اور انہیں اس بات سے واقف کروایا جائے گا کہ ریاست میں دیگر محکمہ جات میں خدمات انجام دینے والے ملازمین کی جانب سے بھی ہڑتال پر غور کیا جا رہا ہے۔ آر ٹی سی ملازمین کی ہڑتال سے اظہار یگانگت کرتے ہوئے مسٹر کے رویندر ریڈی نے بتایا کہ ٹی این جی اوز کی جانب سے چیف سیکریٹری سے ملاقات کرتے ہوئے آر ٹی سی ملازمین کے مسائل کو پیش کیا جائے گا۔ آر ٹی سی ہڑتالی ملازمین کے ساتھ حکومت کے رویہ کے خلاف محتلف گوشوں سے احتجاج کیا جانے لگا ہے اور حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے اس کے علاوہ آر ٹی سی ملازمین کی ہڑتال کو طلبہ کے علاوہ دیگر تنظیموں اور سیاسی جماعتو ںکی تائید بھی حاصل ہونے لگی ہے ۔ بتایاجاتا ہے کہ ٹی این جی اوز قائدین پر ملازمین کے دباؤ کے سبب ہی ٹی این جی اوز قائدین نے آر ٹی سی ملازمین کی تائید کا فیصلہ کیا ہے ۔سرکاری محکمہ جات میں خدمات انجام دینے والے ملازمین تحریک تلنگانہ کے دوران کی گئی اجتماعی عام ہڑتال کے طرز پر ہڑتال کے حق میں ہیں اور وہ ملازمین کے ساتھ حکومت کے رویہ سے نالاں ہوچکے ہیں۔