آج ڈیوٹی پر رجوع ہونے ملازمین کوہدایت ، جے اے سی لیڈر اشواتما ریڈی کا بیان
حیدرآباد 25 نومبر ( پی ٹی آئی ) تلنگانہ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کے ملازمین مختلف مطالبات پر گذشتہ 52 دن سے جاری ہڑتال آج ختم کردی ۔ ٹی ایس آر ٹی سی ایمپلائیز یونین جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے لیڈر اشواتما ریڈی نے کہا کہ کارپوریشن کو خانگیانے کی مبینہ کوششوں کو روکنے اس ہڑتال کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ ٹی ایس آر ٹی سی کے تقریباً 48,000 ملازمین 5 اکٹوبر سے غیر معینہ مدت کی ہڑتال کررہے تھے ۔ ان کے مطالبات میں کارپوریشن کو سرکاری محکمہ میں ضم کرنا بھی شامل تھا لیکن یونین قائدین نے مذاکرات میں یہ مطالبہ رکاوٹ بننے کی صورت میں اس سے دستبرداری کا اعلان بھی کیا تھا ۔ ٹی ایس آر ٹی سی انتظامیہ یا پھر ریاستی حکومت نے ورکرس کے کسی بھی مطالبہ کو قبول نہیں کیا تھا ۔ اشواتما ریڈی نے کہاکہ ’ آر ٹی سی کو خانگیانے کی کوششیں کی جارہی ہیں جنہیں روکنے ہم نے ہڑتال ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ ہم یہ دیکھیں گے کہ حکومت اس بات پر کس ردعمل کا اظہار کرتی ہے ۔ اس کیلئے صبح ہم تمام بس ڈپوز جائیں گے اور اپنے کام سنبھالنے کیلئے انتظامیہ پر دباؤ ڈالیں گے ۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ مزید خانگی خدمات کی اجازت کیلئے گورنر سے مسئلہ رجوع کرتے ہوئے سرکاری حکمنامہ کی اجرائی کی کوششیں کی جارہی ہیں ۔ تلنگانہ ہائیکورٹ نے 22نومبر کو ایک درخواست کو مسترد کردیا تھا جس میں 5000 بس روٹس کو خانگیانے ریاستی کابینہ کے فیصلہ کے خلاف چیلنج کیا گیا تھا ۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راو نے یہ کہتے ہوئے کابینی فیصلہ کی مدافعت کی تھی کہ صحتمند مسابقت جاری رکھنے کیلئے ایسا کیا گیا ہے ۔