ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرس پر آج دھرنا منظم کرنے سی پی ایم کی اپیل
حیدرآباد ۔ 26 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز) : سی پی ایم تلنگانہ یونٹ نے آج آر ٹی سی ملازمین کے ساتھ پولیس کے مبینہ جابرانہ رویہ کے خلاف کل ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرس اور دفاتر کلکٹریٹ پر دھرنا منظم کرنے کی اپیل کی ۔ آر ٹی سی ملازمین کو تقریبا دو ماہ طویل ہرتال ختم کرنے کے بعد ڈیوٹی کے لیے رپورٹ کرتے وقت پولیس نے حراست میں لے لیا ۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے سی پی ایم تلنگانہ اسٹیٹ سکریٹری ٹی ویرا بھدرم نے کہا کہ آر ٹی سی ملازمین کی جانب سے ہڑتال ختم کرنے کے بعد بھی حکومت انہیں ڈیوٹی انجام دینے کی اجازت نہیں دے رہی ہے جو افسوسناک ہے اور غیر جمہوری فیصلہ ہے۔ آج پولیس نے ڈیوٹی کے لیے رپورٹ کرنے تیار 100 ٹی ایس آر ٹی سی ورکرس کو حراست میں لے لیا اور انہیں عثمانیہ یونیورسٹی پولیس اسٹیشن لے جایا گیا اور انہوں نے کہا کہ ان کے ساتھ ماوسٹس اور دہشت گردوں جیسا برتاؤ کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس آر ٹی سی ملازمین کو دبا رہی ہے اور انہیں زیر کرنے کی کوشش کررہی ہے جس کی سی پی ایم تلنگانہ یونٹ مذمت کرتی ہے ۔۔