آر ٹی سی ملازمین کے تئیں حکومت کے بے اعتنائی پر تنقید

   

بی جے پی ترجمان اے راکیش ریڈی کی پریس کانفرنس
حیدرآباد ۔ 21 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز) : بی جے پی ترجمان اے راکیش ریڈی نے آج کہا کہ مرکزی وزیر ٹرانسپورٹ نتین گڈکری نے ٹی ایس آر ٹی سی مسئلہ کے سلسلہ میں چیف منسٹر کے سی آر کو کال کیا تھا لیکن وہ اس کال کو لینے کے لیے دستیاب نہیں تھے ۔ راکیش ریڈی نے مزید کہا کہ مرکزی وزیر کشن ریڈی اور ارکان پارلیمنٹ بنڈی سنجے ، اروند ، بابو راؤ نے مرکزی وزیر نتین گڈکری کو آر ٹی سی ملازمین کی ہڑتال کے بارے میں بتایا ہے۔ جس پر مرکزی وزیر نے چیف منسٹر کو کال کیا تھا لیکن وہ دستیاب نہیں تھے ۔ راکیش ریڈی نے کہا کہ مرکزی وزیر ریاستی وزیر ٹرانسپورٹ سے بات کریں گے اور ٹی ایس آر ٹی سی ملازمین کے ساتھ انصاف اور ایک ہفتہ کے اندر اس مسئلہ کے حل کو یقینی بنائیں گے ۔ یہاں ایک پریس کانفرنس سے مخاطب کرتے ہوئے راکیش ریڈی نے کہا کہ ٹی ایس آر ٹی سی ملازمین کے تئیں حکومت کی بے اعتنائی جاری ہے ۔ حالانکہ انہوں نے ڈیوٹیز پر رجوع ہونے سے اتفاق کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس قائدین اور ارکان اسمبلی فیس بک پر ہڑتال کی ناکامی اور حکومت کی جیت کے تبصرے کررہے ہیں جو کہ غلط ہے ۔۔