آر ٹی سی ملازمین کے تئیں چیف منسٹر کا فیصلہ مثالی

   

حکومت سے سو کروڑ کی اجرائی پر اظہار تشکر ، وزیر ٹرانسپورٹ پی اجئے کمار کا بیان
حیدرآباد۔29 نومبر(سیاست نیوز) ریاستی وزیر ٹرانسپورٹ مسٹر پی اجئے کمار نے آرٹی سی ملازمین کو غیر مشروط خدمات سے رجوع بکار ہونے کی اجازت دینے اور ملازمین سے راست ملاقات کرنے کا فیصلہ کرنے پر اظہار تشکر کرتے ہوئے چیف منسٹر کے اس فیصلہ کو انسانی ہمدردی کا مثالی فیصلہ قرار دیا۔ مسٹر پی اجئے کمار نے آج پرگتی بھون میں چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ سے ملاقات کرتے ہوئے انہیں ملازمین کی خوشی کے متعلق واقف کروایا اور کہا کہ کابینہ کے فیصلہ سے آرٹی سی ملازمین میں مسرت کی لہر دوڑ گئی ہے اور وہ حکومت کی جانب سے کئے جانے والے اس فیصلہ کا احترام کرتے ہوئے خدمات سے رجوع ہونے لگے ہیں۔ وزیر ٹرانسپورٹ نے کہا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے کئے گئے فیصلہ کو قابل ستائش قرار دیتے ہوئے کہا کہ چیف منسٹر نے ہڑتالی ملازمین کو خدمات سے رجوع ہونے کی اجازت دینے کے ساتھ متوفی ملازمین کے افراد خاندان میں ایک شخص کو سرکاری ملازمت کی فراہمی کے علاوہ ملازمین سے راست ملاقات کا فیصلہ انتہائی خوش آئند ہے۔ انہوں نے آرٹی سی کیلئے فوری 100 کروڑ کی اجرائی کے علاوہ آرٹی سی کو مستحکم بنانے کے سلسلہ میں کئے جانے والے اقدامات کا بھی خیر مقد م کیا اور کہا کہ چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ ایک دور اندیش قائد ہیں اور انہیں یقین ہے کہ آرٹی سی کو منافع بخش ادارہ میں تبدیل کرنے کے سلسلہ میں وہ مثبت اقدامات کو یقینی بنائیں گے۔