آر ٹی سی ملازمین کے ساتھ انصاف کرنے کا مطالبہ

   

شاد نگر میں احتجاجی دھرناو ریالیاں، سابق وزیر پی شنکر کا خطاب

شاد نگر۔/10اکٹوبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) تلنگانہ ریاست میں اقتدار میں بیٹھی ٹی آر ایس حکومت ہڑتالی ملازمین کے آنسو سے بہت جلد بہہ جائے گی۔ علحدہ تلنگانہ ریاست کے قیام کے موقع پر چلائی گئی مہم میں محکمہ آر ٹی سی نے بھی اپنا کردار بخوبی انجام دیا۔ ملازمین کی مدد کے ذریعہ علحدہ تلنگانہ کا حصول اور تلنگانہ ریاست میں اقتدار میں آنے والی ٹی آر ایس حکومت کو سبق سکھانے کا وقت آچکا ہے۔ ہڑتالی آر ٹی سی ملازمین کے درپیش جائز مسائل اور انصاف کے حصول کیلئے آوازکو اُٹھانا ملازمین کا بنیادی حق ہے۔ ٹی آر ایس حکومت حق کی آواز کو دبانے کی کوشش کررہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار سابق وزیر ڈاکٹر بی شنکر راؤ ، کانگریس پارٹی قائد شاد نگر ایرلہ پلی شنکر، ٹی پی سی سی ممبر محمد علی خان بابر اور دیگر کانگریس پارٹی قائدین نے شاد نگر آر ٹی سی ڈپو میں آر ٹی سی ملازمین کی احتجاجی ہڑتال و دھرنا پروگرام سے مخاطب کرتے ہوئے آر ٹی سی ملازمین سے اظہار یگانگت اور بھر پور تائید و حمایت کا اظہار کیا۔ سابق وزیر ڈاکٹر بی شنکر راؤ نے کہا کہ تلنگانہ کی ریاستی حکومت بالخصوص چیف منسٹر کے سی آر محکمہ آر ٹی سی کو خانگی بنانے کیلئے منصوبہ بندی کے ذریعہ سازشیں کررہے ہیں۔ آر ٹی سی کو حکومت میں ضم کرنے کی بجائے اس کے مخالف اقدام کررہے ہیں۔ کانگریس پارٹی قائد ویرلہ پلی شنکر نے حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ملازمین کے مطالبات پر غور و فکر کرنے سنجیدگی سے مسئلہ کا حل نکالنے کے بجائے سخت رویہ اختیار کرتے ہوئے قریب 50 ہزار ملازمین کی زندگیوں سے کھلواڑ کررہی ہے جبکہ پڑوسی ریاست آندھرا پردیش کے چیف منسٹر جگن موہن ریڈی نے محکمہ آر ٹی سی ملازمین کے حق میں فیصلہ لیتے ہوئے راحت فراہم کی ہے۔ حکومت سے پرزور مطالبہ کیا گیا کہ آر ٹی سی ملازمین کے ساتھ انصاف کیا جائے بصورت دیگر احتجاجی ہڑتال و دھرنا پروگرام کو کانگریس پارٹی بھرپور مدد فراہم کرے گی۔ ہڑتالی آر ٹی سی ملازمین کے ساتھ کانگریس پارٹی قائدین، سی پی آئی قائدین نے اظہار یگانگت کیا۔ بعد ازاں شاد نگر آر ٹی سی ڈپو سے پیدل ریالی کی شکل میں شاد نگر چوراہا پہنچ کر ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کے مجسمہ پر پھول مالا چڑھاکر بھرپور خراج عقیدت پیش کیا۔ بعد ازاں ریالی شاد نگر ریونیو ڈیویژنل آفس شاد نگر پہنچی۔ اس موقع پر محکمہ آر ٹی سی کے ہڑتالی ملازمین، کانگریس قائدین، سی پی آئی قائدین نے آر ڈی او ایم کرشنا کو ایک یادداشت حوالے کی۔ اس موقع پر آر ٹی سی کنوینر نرسملو، سوملیا، اے آر ریڈی، ایس پی ریڈی، نریش، رحمان، کانگریس پارٹی قائدین میں رام ریڈی، کرشنا، بالا گوڑ، مسعود علی خان، کے سرینواس گوڑ، محمد قدیر ، مدھو، دنیش، ڈی سرینواس یادو، سی پی آئی قائد پروتالو کے علاوہ دیگر قائدین موجود تھے۔