آر ٹی سی ملازمین کے مطالبات پر کمیٹی کاجائزہ اجلاس

   

حکومت، انضمام کے سواء دیگر تمام مطالبات پر بات چیت کیلئے تیار
حیدرآباد۔/23 اکٹوبر، ( این ایس ایس ) آر ٹی سی کے ہڑتالی ملازمین کے مطالبات کا جائزہ لینے کیلئے ریاستی حکومت کی طرف سے تشکیل شدہ کمیٹی نے بس بھون پر منعقدہ ایک اجلاس میں یونین قائدین سے بات چیت کی۔ کمیٹی نے ہڑتال سے پیدا شدہ صورتحال اور ملازمین کے مطالبات کا جائزہ لیا۔ ذرائع کے مطابق ریاستی حکومت آر ٹی سی کے سرکاری محکمہ میں انضمام کے سوائے دیگر تمام مطالبات پر بات چیت کیلئے تیار ہے۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے منگل کی رات منعقدہ ایک اہم اجلاس میں صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا اور کہا کہ آر ٹی سی جے اے سی نے انضمام کے مطالبہ کو ترک کردیا ہے۔ حکومت بہت جلد یونین قائدین کو طلب کرتے ہوئے ان کے دیگر مطالبات پر تبادلہ خیال کرے گی۔ مطالبات کمیٹی ہڑتال سے مرتب ہونے والے اثرات اور مقدمہ کی تفصیلات کا جائزہ لینے کے بعد رپورٹ تیار کرے گی۔ باور کیا جاتا ہے کہ یہ کمیٹی جمعرات یا جمعہ کو حل تلاش کرنے کے مقصد سے آر ٹی سی جے اے سی یونینوں کے نمائندوں سے بات چیت کرے گی۔اس دوران جے اے سی کنوینر اشوتما ریڈی نے انضمام کے اصل مطالبہ سے دستبرداری سے انکار کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’ ہمارا بنیادی مطالبہ انضمام ہے اور اس کو واپس نہیں لیا جائے گا‘ ۔