آر ٹی سی ملازمین کے چلو ٹینک بنڈ احتجاج کے دوران 2687 افراد گرفتار

   

حیدرآباد ۔ 9 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز ) : تلنگانہ آر ٹی سی ملازمین کی جانب سے منعقدہ چلو ٹینک بنڈ پروگرام کے دوران تینوں پولیس کمشنریٹ حدود میں جملہ 2687 افراد کو احتیاطی طور پر گرفتار کرلیا گیا ۔ جن میں ملازمین کے علاوہ مختلف سیاسی جماعتوں کے کارکنان اور قائدین شامل ہے ۔ چلو ٹینک بنڈ پروگرام کے تحت پولیس نے شہر اور اطراف کے علاقوں میں عملاً جبکہ پوسٹ قائم کرتے ہوئے اضلاع سے آنے والے ملازمین قائدین اور کارکنوں کو روک لیا تھا جب کہ ٹینک بنڈ پہونچنے کی کوشش کرنے اور ٹینک بنڈ تک پہونچنے والے افراد کو گرفتار کرلیا گیا ۔ حیدرآباد پولیس کمشنریٹ حدود میں 1266 افراد کو حراست میں لیا گیا جب کہ سب سے زیادہ سائبر آباد پولیس کمشنریٹ حدود میں سائبر آباد پولیس نے 1700 افراد کو گرفتار کیا اور رچہ کنڈہ پولیس کی جانب سے 721 افراد کو گرفتار کیا گیا جن میں آر ٹی سی ملازمین کے علاوہ مختلف سیاسی جماعتوں کے قائدین و کارکنان شامل ہیں جو امتناعی احکامات کی خلاف ورزی کررہے تھے ۔۔
بی جے پی لیڈر ڈی کے ارونا نظر بند
حیدرآباد ۔ 9 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز ) : بی جے پی لیڈر اور سابق وزیر ڈی کے ارونا کو پولیس نے آج ان کی جوبلی ہلز رہائش گاہ پر ہی نظر بند کردیا ۔ ان کی یہ گرفتاری آر ٹی سی ملازمین کی چلو ٹینک بنڈ احتجاج میں شامل ہونے سے انہیں باز رکھنے کے لیے کی گئی تھی ۔ اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ارونا نے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ پر تنقید کی کہ وہ آمریت پسندانہ حکومت کررہے ہیں ۔ ہڑتالی آر ٹی سی ملازمین کے خلاف پولیس فورس کو استعمال کررہے ہیں ۔۔