آر ٹی سی میں تقررات ‘ دیگر محکموں کے بورڈ ز سے مدد طلب کرنے کا فیصلہ

   

حیدرآباد 13 جولائی ( سیاست نیوز ) تلنگانہ اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن نے دیگر سرکاری محکمہ جات کے رکروٹمنٹ بورڈز سے مدد طلب کی ہے تاکہ کارپوریشن میں جملہ 3,035 جائیدادوں پر تقررات عمل میں لائے جاسکیں۔ واضح رہے کہ حکومت کی جانب سے آر ٹی سی کو مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کیلئے منظوری دی گئی ہے جس کے بعد کارپوریشن نے دیگر محکمہ جات سے مدد طلب کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ کہا گیا ہے کہ تلنگانہ آر ٹی سی میں جملہ 11000 جائیدادیں تقرر طلب ہیں اور موجودہ عملہ پر کام کا بوجھ بہت زیادہ ہوگیا ہے ۔ اسی کے پیش نظر حکومت نے تقررات کی منظوری دی ہے ۔ اب تقررات کے عمل کو تیز کرنے کیلئے دوسرے سرکاری محکمہ جات کے رکروٹمنٹ بورڈز کی خدمات حاصل کرنے کی تجویز وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر نے پیش کی ہے ۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی کو اس پر فیصلہ کرنا ہے ۔ آر ٹی سی میں جملہ 11 قسم کی جائیدادوں پر تقررات ہونگے جن کو آر ٹی سی نے تین زمروں میں تقسیم کیا ہے ۔ یہ تقررات پولیس رکروٹمنٹ بورڈ ‘ تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن اور میڈیکل بورڈ کے ذریعہ عمل میں لائے جائیں گے ۔ گذشتہ بارہ برسوں میں آر ٹی سی میں یہ پہلی بڑی بھرتیاں ہونگی ۔ بڑے پیمانے پر 2012 میںآر ٹی سی میں بھرتیاں ہوئی تھیں جب تلنگانہ کی تشکیل عمل میں نہیں آئی تھی اور متحدہ آندھرا پردیش ریاست تھی ۔ اس وقت جونئیر اسسٹنٹ کی جائیدادوں پر تقررات نہیں ہوئے تھے ۔ تین سال قبل تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن کے ذریعہ جونئیر اسسٹنٹ کی جائیدادوں پر تقررات کئے گئے تھے ۔