پارٹی کے زیادہ سے زیادہ قائدین کو نمائندگی دینے اور مطمئن کرنے کی کوشش
حیدرآباد ۔ 16 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز) : ٹی جی ایس آر ٹی سی میں زونل صدور نشین نامزد کرنے کا مسئلہ پھر ایک مرتبہ منظر عام پر آیا ہے ۔ تلنگانہ آر ٹی سی کے تین زونس گریٹر حیدرآباد ، حیدرآباد اور کریم نگر ہیں ۔ ریاستی حکومت اس مرتبہ کارپوریشن صدر نشین کے بشمول تین زونس کے علحدہ علحدہ صدور نشین نامزد کرنے پر سنجیدگی سے غور کررہی ہے ۔ چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے چند دن قبل سکریٹریٹ میں آر ٹی سی کا جائزہ اجلاس طلب کیا تھا ۔ جس میں یہ مسئلہ موضوع بحث رہنے کی اطلاعات وصول ہوئی ہے ۔ حکومت ریاست میں مزید کارپوریشنس اور بورڈس کے صدور نشین کا انتخاب کرنے پر سنجیدگی سے غور کررہی ہے اور پارٹی ہائی کمان سے تبادلہ خیال کررہی ہے ۔ ان کے ساتھ آر ٹی سی صدر نشین کے علاوہ تین زونل صدور نشین کو نامزد کرنے کا جائزہ لیا جارہا ہے ۔ متحدہ آندھرا پردیش میں اے پی ایس آر ٹی سی میں آخری مرتبہ 20 سال قبل ریاستی سطح کے صدر نشین کے علاوہ زونس کی سطح پر صدور نشین کا انتخاب کیا گیا ۔ 2004 میں کانگریس پارٹی کو اقتدار حاصل ہونے کے بعد کانگریس حکومت نے بھی زونل صدور نشین کا انتخاب کیا تھا ۔ وزارت سے مستعفی ہونے والے ایم ستیہ نارائنا راؤ کو سال 2007 میں آر ٹی سی کا صدر نشین نامزد کیا گیا ۔ اس وقت ایم ستیہ نارائنا نے آر ٹی سی صدر نشین کی ذمہ داری قبول کرنے سے قبل زونل صدور نشین نامزد نہ کرنے کی شرط رکھی تھی جس کے بعد سے زونل صدورنشین کا انتخاب روک دیا گیا ۔ اس کے بعد آر ٹی سی کا صرف ایک ہی صدر نشین نامزد کیا گیا ۔ ریاست میں کانگریس کی حکومت تشکیل پانے کے بعد مختلف کارپوریشن کے صدور نشین کا انتخاب کیا گیا تاہم آر ٹی سی کے صدر نشین کا انتخاب نہیں کیا گیا ۔ آر ٹی سی کے صدر نشین اور زونل صدور نشین نامزد کرتے ہوئے پارٹی کے زیادہ سے زیادہ قائدین کو سرکاری سطح پر نمائندگی دینے پر غور کیا جارہا ہے ۔