جنوری تک مزید 175 بسوں کی شمولیت، آلودگی پر قابوپانے کے اقدامات
حیدرآباد ۔ 10۔ ڈسمبر (سیاست نیوز) وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر نے رانی گنج بس ڈپو میں 65 الیکٹرک بسوں کو جھنڈی دکھاکر روانہ کیا۔ آر ٹی سی کے تحت ماحولیاتی آلودگی سے بچاؤ کیلئے الیکٹرک بسوں کا اضافہ کیا گیا ہے ۔ میئر حیدرآباد وجیہ لکشمی ، ڈپٹی میئر سری لتا ریڈی اور آر ٹی سی کے مینجنگ ڈائرکٹر ناگی ریڈی اس موقع پر موجود تھے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پونم پربھاکر نے کہا کہ آر ٹی سی میں 65 الیکٹرک بسوں کا اضافہ خوش آئند ہے۔ حیدرآباد کے علاوہ کریم نگر ، نظام آباد ، نلگنڈہ اور سوریا پیٹ میں بھی الیکٹرک بسیں چلائی جارہی ہیں۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی کی قیادت میں عوامی حکومت نے مہا لکشمی اسکیم کا آغاز کیا جس کے دو سال مکمل ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی تشکیل کے 48 گھنٹے میں خواتین کو آر ٹی سی میں مفت سفر کی سہولت کا وعدہ پور کیا گیا ۔ انہوں نے آر ٹی سی کی ترقی میں ڈرائیور ، کنڈاکٹرس اور ورکرس کی خدمات کو سراہا۔ گزشتہ دو برسوں میں 251 کروڑ خواتین نے آر ٹی سی میں سفر کیا اور 8500 کروڑ کے زیرو ٹکٹ جاری کئے گئے ۔ مفت سفر کی سہولت سے خواتین کو اپنے رشتہ داروں سے ملاقات کے علاوہ ہاسپٹل ، دفاتر اور تعلیمی اداروں کو پہنچنے میں سہولت ہوئی ہے۔ مہا لکشمی اسکیم سے انڈومنٹ ڈپارٹمنٹ کی آمدنی میں اضافہ ہوا ہے۔ دو برسوں میں 40 بسوں کو حاصل کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آر ٹی سی میں نئے تقررات عمل میں لائے گئے۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد کو دہلی جیسی آلودگی سے بچانے کیلئے الیکٹرک بسوں کے استعمال کا فیصلہ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نئے بس ڈپو اور بس اسٹیشن قائم کرے گی۔ الیکٹرک وہیکل پالیسی کے تحت حیدرآباد میں الیکٹرک ، سی این جی اور ایل پی جی آٹو کو اجازت دی گئی ہے۔ مینجنگ ڈائرکٹر ناگی ریڈی نے کہا کہ دو برسوں میں مہا لکشمی اسکیم پر کامیابی سے عمل کیا گیا ۔ آر ٹی سی میں روزانہ 60 لاکھ افراد سفر کرتے ہیں جن میں 40 لاکھ خواتین ہیں۔ آر ٹی سی میں 2400 نئے بسوں کا اضافہ کیا گیا ہے۔ الیکٹرک بسوں کی تعداد 800 سے زائد ہیں۔ جی ایچ ایم سی کے حدود میں آئندہ دو برسوں میں الیکٹرک بسوں کی تعداد 2800 ہوجائے گی۔ Evey Trans پرائیوٹ لمٹیڈ کے اشتراک سے آر ٹی سی نے الیکٹرک بسیں حاصل کی ہیں۔ آر ٹی سی نے 500 الیکٹرک بسوں کے حصول کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت 450 ایرکنڈیشنڈ اور 50 اے سی لو فلور الیکٹرک بسیں رہیں گی۔ کمپنی نے ابھی تک 325 بسیں حوالے کردی ہیں ۔ باقی 175 بسیں جنوری تک فراہم کردی جائیں گی۔ کمپنی کے چیف اگزیکیٹیو آفیسر سندیپ رائے زادہ نے کہا کہ ملک میں 69 بس ڈپوز میں الیکٹرک بسیں متعارف کی گئی ہیں اور تلنگانہ میں 5 بس ڈپوز میں الیکٹرک بسیں چلائی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 10 ریاستوں اور 2 مرکزی زیر انتظام علاقوں میں 3100 الیکٹرک بسیں کامیابی سے چلائی جارہی ہیں۔ نئی بسوں کو عصری سہولتوں سے آراستہ کیا گیا ہے اور مسافرین کی سلامتی کے اقدامات کو ترجیح دی گئی ہے۔ ہر بس میں 36 مسافرین کی گنجائش ہیں۔ نئی شامل کردہ بسیں سکندرآباد ، کنڈا پور ، اسنا پور ، بورا بنڈہ ، رامائن پیٹ ، گچی باؤلی اور میاں پور کے علاقوں میں چلائی جائیں گی۔1