آر ٹی سی چوراہا پر دسمبر ختم تک طویل اسٹیل فلائی اوور کی تعمیر

   

حیدرآباد ۔ 28 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز) : حیدرآباد کی ترقی اور انفراسٹرکچر سہولتوں میں مزید اضافہ کرتے ہوئے شہر کے مصروف ترین مقام آر ٹی سی چوراہا پر ایک 28 کلو میٹر طویل اسٹیل فلائی اوور کی تعمیر کی جارہی ہے ۔ یہ پراجکٹ توقع ہے کہ دسمبر 2022 تک مکمل ہوگا ۔ یہ فلائی اوور حیدرآباد میں اس طرح کا طویل ترین فلائی اوور ہوگا ۔ اور اس کے کام تیزی سے جاری ہیں ۔ حالانکہ اس کے کام جنوری 2021 میں شروع ہوئے تھے تاہم اس پراجکٹ کے کاموں میں کوویڈ کی دوسری لہر کے بعد تیزی آئی ۔ اس پراجکٹ کو 356 کروڑ روپئے لاگت سے تعمیر کیا جارہا ہے ۔ یہ اندرا پارک تا وی ایس ٹی جنکشن تک 16 میٹر چوڑائی کے ساتھ ایک فور لین کاریڈر ہوگا جو این ٹی آر اسٹیڈیم ، اشوک نگر اور آر ٹی سی ایکس روڈس سے گذرے گا ۔ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن ( جی ایچ ایم سی ) کے مطابق اس بریج کے فاونڈیشن کا تقریبا 75 فیصد کام مکمل ہوگیا ہے ۔ مابقی فاونڈیشنس کے تعمیراتی کام جی ایچ ایم سی کی جانب سے انڈر گراونڈ یوٹیلٹیز کے رخ میں تبدیلی کئے جانے پر شروع ہوں گے ۔ جو توقع ہے کہ دو ماہ میں مکمل ہوں گے ۔ ایک سینئیر عہدیدار نے کہاکہ 81 فاونڈیشنس میں ہم نے 61 فاونڈیشنس ڈالے اور 20 زیر التواء ہیں ۔ ہم اسٹیل بریج کے لیے درکار چیزیں لا رہے ہیں ۔ اسٹیل اتھاریٹی آف انڈیا کو آرڈرس بھی دئیے گئے ہیں ۔ ٹریفک کے بہاؤ میں سہولت اور آسانی ہونے کے علاوہ اس زیر تعمیر اسٹیل فلائی اوور سے موٹر گاڑی والوں کو لوور ٹینک بینڈ پہنچنے کے لیے چار جنکشنس کو چھوڑنے میں بھی مدد ہوگی ۔ یہ سڑک کئی سال سے کئی ایک مسائل سے دوچار ہے جیسے فٹ پاتھس نہ ہونے ، تنگ سڑکیں اور مصروف اوقات میں زبردست ٹریفک جام ۔ اس سے موجود روڈ نیٹ ورک پر دباؤ پڑا اور ان مسائل کو حل کرنے کے لیے ایک اسٹیل بریج منظور کیا گیا ۔ اندرا پارک سے وی ایس ٹی جنکشن تک کاموں کو ختم کرنے کے بعد جی ایچ ایم سی کی جانب سے رام نگر تا باغ لنگم پلی تھری لین بائی ڈائرکشنل فلائی اوور کی تعمیر شروع کی جائے گی ۔ اسے 76 کروڑ روپئے کی تخمینہ لاگت سے تعمیر کیا جائے گا ۔۔