آر ٹی سی ڈرائیورس اور کنڈکٹرس کے عنقریب تقررات

   

درخواستوں کے ادخال کیلئے اندرون دو یوم اعلامیہ کی اجرائی کا امکان
حیدرآباد۔9 اکٹوبر(سیاست نیوز) محکمہ ٹرانسپورٹ کی جانب سے آئندہ دو یوم کے دوران بس ڈرائیورس اور کنڈکٹرس کی بھرتی کیلئے اعلامیہ کی اجرائی عمل میں لائی جائے گی ۔بتایاجاتا ہے کہ حکومت تلنگانہ نے فیصلہ کیا ہے کہ 11 اکٹوبر یا اس کے فوری بعد اعلامیہ کی اجرائی کے ذریعہ درخواستوں کی وصولی عمل میں لائی جائے اور آئندہ ہفتہ تک درخواستوں کے ادخال کی مہلت فراہم کرتے ہوئے ڈرائیورس اور کنڈکٹرس کے تقررات کے عمل کا آغاز کردیا جائے ۔بتایاجاتا ہے کہ حکومت کی جانب سے محکمہ کے عہدیداروں کو اس بات کی ہدایت دی گئی ہے کہ وہ پہلے ڈرائیورس اور کنڈکٹرس کے تقررات کے سلسلہ میں اعلامیہ کی اجرائی کے اقدامات کو یقینی بنائیں اور ساتھ ہی جن زمروں میںجائیدادیں مخلوعہ ہیں ان زمروں میں جائیدادوں پر بھرتی کے سلسلہ میں تفصیلات چیف منسٹر کو پیش کی جائیں تاکہ ان جائیدادوں پر تقررات کے سلسلہ میں محکمہ فینانس سے مشاورت کے بعد قطعی فیصلہ کیا جاسکے۔ ریاستی حکومت کی جانب سے اختیار کردہ موقف کے سلسلہ میں عہدیداروں کا کہناہے کہ ریاستی حکومت نے جو ہدایت دی ہے اس کے مطابق جلد اعلامیہ کی اجرائی کے اقدامات کئے جائیں گے اور اس بات کا بھی جائزہ لیا جارہا ہے کہ کس زمرہ میں کتنے ملازمین کی جائیدادیں مخلوعہ ہیں۔ذرائع کے مطابق چیف منسٹر نے آر ٹی سی میں کئے جانے والے ان تقررات میں کسی قسم کی کوئی قانونی پکڑ کی گنجائش نہ رکھنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ وہ ان مجوزہ تقررات کے سلسلہ میں اعلامیہ کی اجرائی کے ساتھ اس بات کو بھی یقینی بنائیں کہ تقررات کے عمل میں کوئی قانونی رکاوٹ پیدا نہ ہونے پائے۔محکمہ ٹرانسپورٹ کے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ اعلامیہ کی اجرائی کے بعد موجودہ ہڑتالی ملازمین کی جانب سے احتجاج میں شدت پیدا کئے جانے کے خدشات اوران امور کا قانوی اعتبار سے جائزہ لینے کا مکمل امکان ہے اور محکمہ ٹرانسپورٹ اس کا جائزہ لے رہا ہے۔