آر ٹی سی ڈرائیورس کی اجرت میں زبردست اضافہ

   

حکومت کے احکام ، حیدرآباد اور کریم نگر زون کے اسٹاف کے لیے قابل عمل
حیدرآباد ۔ 3 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز) : تلنگانہ اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن انتظامیہ نے ڈبل ڈیوٹی انجام دینے والے ٹی ایس آر ٹی سی ڈرائیورس اور کنڈکٹرس کو فراہم کی جانے والی اجرت میں زبردست اضافہ کیا ہے اور اس اضافہ کا گریٹر حیدرآباد اور کریم نگر زون میں پائے جانے والے 13 ریجنوں میں خدمات انجام دینے والے اسٹاف کے لیے ہی قابل عمل ہوگا ۔ اس سلسلہ میں منیجنگ ڈائرکٹر تلنگانہ اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن ( انچارج ) مسٹر سنیل شرما نے باقاعدہ طور پر آج احکامات جاری کئے ۔ تلنگانہ اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کے باوثوق ذرائع نے یہ بات بتائی اور کہا کہ گریٹر ٹی ایس آر ٹی سی زون میں فی الوقت خدمات انجام دینے والے ریگولر ڈرائیوروں کو ادا کئے جانے والے 530 روپئے کے بجائے اب اضافہ کر کے 600 روپئے ادا کئے جائیں گے ۔ ریگولر کنڈکٹرس کو 500 روپئے سے بڑھاکر 550 روپئے ادا کئے جائیں گے ۔ جب کہ کنٹراکٹ کی اساس پر خدمات انجام دینے والے ڈرائیوروں کو 425 روپئے سے بڑھا کر 500 روپئے کئے گئے ۔ اسی طرح کنٹراکٹ کی اساس پر خدمات انجام دینے والے کنڈکٹرس کو 370 روپیوں سے بڑھاکر 400 روپئے کئے گئے ۔ علاوہ ازیں حیدرآباد اور کریم نگر زونس کے ریجنس میں خدمات انجام دینے والے ریگولر ڈرائیوروں کو 425 روپئے سے بڑھاکر 500 روپئے کئے گئے اور ریگولر کنڈکٹرس کو 375 روپیوں سے بڑھاکر 400 روپئے کئے گئے ۔ اسی طرح کنٹراکٹ کی بنیاد پر خدمات انجام دینے والے ڈرائیورس کے لیے 340 روپیوں سے بڑھاکر 400 روپئے فراہم کرنے اور کنٹراکٹ کی اساس پر خدمات انجام دینے والے کنڈکٹرس کے لیے 300 روپئے سے بڑھاکر 350 روپئے ڈبل ڈیوٹی انجام دینے آر ٹی سی ڈرائیورس اور کنڈکٹرس کو فراہم کئے جائیں گے ۔۔