آر ٹی سی کا منافع دسہرہ سیزن میں 200 کروڑ سے زائد ہونے کی توقع

   

حیدرآباد28اکتوبر( سیاست نیوز ) جاریہ دسہرہ سیزن میں تلنگانہ آر ٹی سی امکان ہے کہ گذشتہ سال کے دسہتہ سیزن سے 25 کروڑ روپئے زائد کی آمدنی کرے گی ۔ عہدیداروں کا کہنا ہے کہ جاریہ سال تہوار کے سیزن کی آمدنی ماہ اکٹوبر کے ختم تک 200 کروڑ سے زائد ہو جائے گی ۔ کارپوریشن نے سارے تلنگانہ ‘ آندھرا پردیش اور کرناٹک کیلئے دسہرہ سیزن میں جملہ 5,500 بسیں چلائیں تاکہ لوگ اپنے آبائی مقامات کو پہونچ سکیں۔ گذشتہ سال کی بہ نسبت اس سال 1,302 اضافی بسیں چلائی گئیں۔ مسافرین کی سہولت کیلئے خصوصی بسیں ایم جی بی ایس ‘ جوبلی بس اسٹیشن اور دوسرے تمام پک اپ پوائنٹس سے چلائی گئیں۔ کسی اضافی خرچ کے بغیر یہ بسیں چلائی گئیں ۔ کہا گیا ہے کہ تہوار کے دوران 13 اکٹوبر تا 24 اکٹوبر جملہ 11 دن یہ بسیں چلائی گئیں اور مسافرین کی واپسی کیلئے بھی بس خدمات دستیاب تھیں۔ معمول کے ایام میں آر ٹی سی کو یومیہ 12 تا 13 کروڑ روپئے آمدنی ہوتی ہے تاہم دسہرہ کے سیزن میں اس میں 2 تا 3 کروڑ یومیہ کا اضافہ ہوا ۔ صرف دسہرہ کے دن ہی آر ٹی سی کو جملہ 19 کروڑ روپئے کی آمدنی ہوئی ۔ اس بار آر ٹی سی کی جانب سے بنگلور ‘ چینائی ‘ وجئے واڑہ اور وشاکھاپٹنم جیسے مقامات تک سفر کرنے والوں کیلئے ٹکٹس کی شرح کا منفرد سسٹم رکھا گیا تھا اور اس سے مسافرین کو فائدہ ہوا ہے ۔ آر ٹی سی کے ایک سینئر عہدیدار نے کہا کہ حالانکہ ابھی مکمل اعداد و شمار اور اندازہ کا انہیں پتہ ہیں ہے لیکن انہیں امید ہے کہ گذشتہ سال کی بہ نسبت اس سال آر ٹی سی کی آمدنی میں بہتر اضافہ ہوا ہے ۔