نیا نظام دور حکومت چلانے کا کے سی آر پر تلگودیشم ریاستی صدر ایل رمنا کا الزام
جگتیال /29 نومبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) تلگودیشم پارٹی تلنگانہ ریاستی صدر مسٹر ایل رمنا نے آج جگتیال میں اپنی رہائش گاہ پر صحافیوں کی منعقدہ پریس کانفرنس کو مخاطب کرتے ہوئے ریاستی چیف منسٹر کے سی آر کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ۔ انہوں نے ریاست تلنگانہ میں من مانی آمرانہ حکومت چلاتے ہوئے ملک کے دستور اور جمہوریت کو پامال کرتے ہوئے حق و انصاف کا گلا گھونٹنے کا کے سی آر پر الزام عائد کیا ۔ انہوں نے کے سی آر کو نظام دور حکومت چلانے کا الزام لگایا ۔ آر ٹی سی ہڑتال کی آڑ میں بس چارجس میں اضافہ کرتے ہوئے عوام پر مالی بوجھ ڈالنے کا الزام لگایا ۔ انہوں نے آر ٹی سی کے نقصانات کا کے سی آر کو راست ذمہ دار ٹہرایا ۔ کے سی آر نے سابق میں بحیثیت وزیر ٹرانسپورٹ اور بحیثیت مرکزی وزیر لیبر خدمات انجام دے کر ملازمین اور مزدوروں کے بھروسہ اور امیدوں پر پانی پھیر دیا ۔ کے سی آر اپوزیشن اور یونین اور تنظیموں کو برخواست کرتے ہوئے جمہویت کو پامال کیا ۔ جبکہ یہی تنظیمیں تلنگانہ ریاست کے قیام میں کے سی آر کے بازو کی طرح رہتے ہوئے علحدہ ریاست کے قیام میں اہم رول ادا کیا تھا ۔ آج انہیں یونینوں اور تنظیموں کو ختم کرتے ہوئے کے سی آر آر ٹی سی کے اثاثے جات پر قبضہ کرنے اور آر ٹی سی کو خانگیانے کی سازش نے ان کے اصلی چہرے کو بے نقاب کردیا ۔ انہوں نے کہا کہ آر ٹی سی محکمہ میں سب سے زیادہ لیبر مزدور پیشہ افراد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کے قیام کے بعد تنظیموں کا قیام عمل میں نہیں آیا ۔ کے سی آر نے تنظیموں کو برخواست کرنے کی بات کر رہے ہیں جبکہ جمہوریت میں تنظیموں کو اور عمل میں اپوزیشن جماعتوں کا رہنے کا دستوری حق ہے ۔ انہوں نے کہا کہ میٹرو الاٹمنٹ کو تبدیل کرنے کا مطالبہ کس نے کیا تھا ۔ کیا اب تک اس سلسلہ میں معاہدہ وغیرہ ہوگیا ۔ کے سی آر اپنی غلط پالیسیوں اور فیصلوں سے تلنگانہ ریاست کو معاشی بحران اور خسارہ میں ڈال رہے ہیں ۔ اس موقع پر تلگودیشم پارٹی قائد اور کارکنوں کی کثیر تعداد موجود تھی ۔