حیدرآباد ۔ 3 ۔ نومبر (سیاست نیوز) مرکزی مملکتی وزیر برائے امور داخلہ جی کشن ریڈی نے ریاستی حکومت کو سحت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ہڑتالی ٹی ایس آر ٹی سی ملازمین کے معاملہ میں دی جانے والی دھمکیوں کو چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کا جلد بازی میں کیا جانے والا اقدام قرار دیا اور کہا کہ آر ٹی سی ملازمین کے ساتھ حکومت کو ہمدردانہ رویہ اختیار کیا جانا چاہئے تاکہ ہڑتالی ملازمین کو اعتماد میں لیا جاسکے ۔ انہوں نے کہا کہ آر ٹی سی عوامی خدمت انجام دینے والا ادارہ ہے اور اس ادارہ میں خدمات انجام دینے والے غریب افراد ہی ہوتے ہیں۔ لہذا ڈرائیورس ، کنڈکٹرس کی زندگیوں سے کھلواڑ کرنے کے بجائے ان کی زندگیوں کے تعلق سے حکومت کو سنجیدگی سے غور کرنا چاہئے ۔ کشن ریڈی نے ریاستی حکومت اور ٹی ایس آر ٹی سی جوائنٹ ایکشن کمیٹی قائدین کو ایک قدم آگے بڑھ کر مسئلہ کی یکسوئی کرلینے کیلئے پہل کرنے کا مشورہ دیا اور کہا کہ حکومت ہڑتالی ٹی ایس آر ٹی سی ملازمین کو دشمن تصور کرنا کوئی مناسب بات نہیں ہے۔ لہذا حکومت کو ہڑتالی ملازمین آر ٹی سی کے مسئلہ کی یکسوئی پر اولین ترجیح دینے کی ضرورت پر زور دیا۔