آر ٹی سی کو خانگیانے کی کوئی تجویز نہیں: وزیر ٹرانسپورٹ

   

سٹی سرویس بدستور خسارہ میں ، پرانے شہر میں منی بسیں چلانے کا تیقن
حیدرآباد۔7 ۔اکتوبر (سیاست نیوز) وزیر ٹرانسپورٹ پی اجئے کمار نے وضاحت کی کہ تلنگانہ آر ٹی سی کو خانگیانے کی کوئی تجویز حکومت کے پاس نہیں ہے۔ اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران وزیر ٹرانسپورٹ نے کہا کہ مرکزی حکومت خسارہ میں چلنے والے عوامی شعبہ کے اداروں کو خانگیانے کا فیصلہ کرچکی ہے لیکن تلنگانہ حکومت نے آر ٹی سی کو نقصانات سے فائدہ کی طرف لے جانے کا منصوبہ بنایا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کے سبب آر ٹی سی پر بھاری بوجھ پڑا ہے ۔ تاہم چیف منسٹر نے بہتر خدمات کے ذریعہ آر ٹی سی کو منافع بخش بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آر ٹی سی میں مختلف خدمات کے ذریعہ آمدنی کے ذرائع میں اضافہ کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ آر ٹی سی کی جانب سے متعارف کردہ کارگو پارسل سرویس سے 62.02 کروڑ کی آمدنی ہوئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کارگو پارسل سرویس کی خدمات سے عوام کافی مطمئن ہیں۔ آر ٹی سی کے ذریعہ ہوم پکپ اور ہوم ڈلیوری پارسل خدمات کے آغاز کی تجویز ہے۔ فی الوقت 195 ء کارگو گاڑیاں خدمات انجام دے رہی ہیں۔ مستقبل قریب میں مزید 50 گاڑیوں کا اضافہ کیا جائے گا۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے آمدنی میں اضافہ کیلئے گزشتہ سال جون میں کارگو پارسل سرویس متعارف کی تھی۔ یہ سرویز 177 بس اسٹیشنوں میں موجود ہے۔ وزیر ٹرانسپورٹ نے پرانے شہر میں آر ٹی سی کی خدمات کو بتر بناتے ہوئے منی بسیں چلانے کا تیقن دیا۔ انہوں نے کہا کہ آر ٹی سی کے 49 ہزار ملازمین کو باقاعدگی سے تنخواہیں ادا کی جارہی ہیں۔ حیدرآباد میں آر ٹی سی کی 3000 بسیں چلائی جارہی ہیں۔ اجئے کمار نے بتایا کہ سٹی سرویس اور پلے ویلوگو سرویس ابھی بھی نقصان میں ہے۔ دیگر روٹس پر سرویس میں اضافہ کے ذریعہ آمدنی میں اضافہ کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ آر ٹی سی کے نئے صدرنشین اور مینجنگ ڈائرکٹر نے کارکردگی بہتر بنانے کی منصوبہ بندی شروع کی ہے۔ مجلس کے رکن کوثر محی الدین نے پرانے شہر میں آر ٹی سی سرویس میں کمی کے سبب عوام بالخصوص طلبہ کو مشکلات کا ذکر کیا ۔ انہوں نے کہا کہ پرانے شہر میں منی بسیں چلائی جائیں۔ ر