آر ٹی سی کو خانگیانے کے سلسلہ میں ٹی آر ایس اور بی جے پی مساوی ذمہ دار

   

بی جے پی کا احتجاج محض دکھاوا، کانگریس ترجمان ستیش مادیگا کی پریس کانفرنس
حیدرآباد۔/2نومبر، ( سیاست نیوز) پردیش کانگریس کمیٹی کے ترجمان ستیش مادیگا نے الزام عائد کیا کہ آر ٹی سی کو خانگیانے کے سلسلہ میں ٹی آر ایس اور بی جے پی دونوں برابر کے ذمہ دار ہیں۔ بی جے پی حکومت نے مرکزی ٹرانسپورٹ ایکٹ میں ترمیم کرتے ہوئے آر ٹی سی کو خانگیانے کی راہ ہموار کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس دور حکومت میں تیار کئے گئے قانون کے مطابق ورکرس کو تحفظ فراہم کیا گیا تھا لیکن نریندر مودی حکومت نے 1950 میں پنڈت جواہر لال نہرو حکومت کی جانب سے تیار کردہ قانون میں ترمیم کردی۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی نے ترمیم کے ذریعہ نئی روٹس کو خانگیانے کا ریاستوں کو اختیاردیا ہے۔ ستیش مادیگا نے کہا کہ آر ٹی سی کو خانگیانے کے مسئلہ پر بی جے پی کا احتجاج محض دکھاوا ہے کیونکہ اسی کی حکومت نیکے سی آر کو خانگیانے کا ہتھیار فراہم کیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر آر ٹی سی کو خانگیانے سے روکنا ہے تو مرکزی حکومت کو فوری مداخلت کرنی پڑے گی۔ ستیش مادیگا نے کہا کہ آر ٹی سی ہڑتال کو تقریباً ایک ماہ مکمل ہوچکا ہے لیکن حکومت جائز مطالبات پر مذاکرات کیلئے تیار نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال کیلئے ٹی آر ایس اور بی جے پی یکساں طور پر ذمہ دار ہیں۔ ستیش مادیگا نے کہا کہ ہڑتال کو فوری ختم کرنے اور ملازمین کے مسائل پر مرکز تماشائی کا رول ادا نہیں کرسکتا۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت خانگیانے کیلئے بے چین ہے اور اس نے عدالت میں گمراہ کن حلف نامہ داخل کرتے ہوئے عدالت کی ناراضگی کو دعوت دی ہے۔ آر ٹی سی عہدیداروں کے داخل کئے گئے حلف نامہ پر عدالت نے بارہا اپنی ناراضگی جتائی اس کے باوجود حکومت حقیقی معلومات فراہم کرنے کیلئے تیار نہیں ہے۔